جمعہ , 19 جولائی 2019

خوش رہنے والی اقوام میں پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

جنیوا(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں خوش رہنے والی اقوام میں پہلا نمبر فِن لیںڈ کا ہے اور اس فہرست میں جنوبی سوڈان سب سے آخری نمبر پر ہے۔ تاہم جنوبی ایشیا میں پاکستان اس فہرست میں پہلے اور افغانستان ساتویں یا آخری نمبر پر ہے۔اقوامِ متحدہ کے تحت جاری ’ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ‘ بدھ کو جاری کی گئی جس میں ایسے ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے جہاں کی اقوام مطمئن اور مسرور ہیں۔ اس فہرست کی تیاری میں سروے کیے گئے ہیں جن میں کئی رحجانات اور عوامل کو مدِنظر رکھا گیا ہے جو کسی ملک کی عوام میں خوش رہنے کے رحجان کو ظاہر کرتے ہیں۔

فہرست کے مطابق دنیا کے خوش ترین ممالک میں فِن لینڈ کا پہلا نمبر ہے جس کے بعد ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ، ہالینڈ، سوئٹزرلینڈ، سویڈن، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور آسٹریلیا شامل ہیں جبکہ نچلے ترین درجے یا کم ترین مسرور ممالک میں اول نمبر پر جنوبی سوڈان، سینٹرل افریقن ری پبلک، افغانستان، تنزانیہ، روانڈا، یمن، ملاوی، شام، بوٹسوانا اور ہیٹی شامل ہیں۔ حیرت انگیز طور پر امریکا عالمی فہرست میں انیسواں خوش ترین ملک ہے۔

واضح رہے کہ 2012 میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے 20 مارچ کو عالمی یومِ مسرت کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسی سال خوش ترین اور کم خوش ترین ممالک کی پہلی رپورٹ منظرِ عام پر آئی تھی اور اس لحاظ سے یہ ساتویں رپورٹ ہے جس میں اعدادوشمار پیش کئے گئے ہیں۔

رپورٹ مصنفین کے مطابق سروے میں چھ عوامل کو بطورِ خاص مدِ نظر رکھا گیا ہے جن میں آمدنی، آزادی، (باہمی) اعتماد، صحت مندانہ طرزِ زندگی، سماجی مدد اور سخاوت یا رقم دینے کی عادات کو دیکھا گیا ہے۔ اس ضمن میں دنیا کے 156 ممالک کو شامل کیا گیا۔

اس فہرست میں پاکستان کا عالمی نمبر 67 واں ہے جبکہ جنوبی ایشیا میں یہ بھارت سمیت تمام ممالک سے بہت آگے ہیں۔ اس فہرست میں بھارت کا نمبر 140 واں ہے جو گزشتہ برس 133 ویں نمبر پر تھا۔ تاہم پاکستانی سخاوت اور خیرات کرنے کی فہرست میں بھی جنوبی ایشیا میں سب سے آگے ہیں۔واضح رہے کہ دس کم ترین ممالک جنگ، غربت اور دیگر سماجی مسائل کے شکار ہیں یہی وجہ ہے کہ وہاں کے عوام اپنی زندگی سے مطمئن نہیں۔

یہ بھی دیکھیں

غزہ سے صہیونی بستیووں کی جانب میزائل داغا گیا: اسرائیل

یروشلم (مانیٹرنگ ڈیسک)قابض اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ جمعہ کی شام غزہ کی پٹی …