بدھ , 24 اپریل 2024

ملک بھر میں یومِ پاکستان کی تقاریب کا پروقار آغاز

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں قرار دادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 79 سال پورے ہونے پر یومِ پاکستان خصوصی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔اس سال یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکت عارف علوی اور اعزازی مہمان ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد ہیں جبکہ آذربائیجان کے وزیردفاع، بحرین کے فوجی سربراہ اور اومان کے حکومتی حکام بھی خصوصی مہمان کی حیثیت سے شریک ہیں۔

اسلام آباد کے نواح میں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔اس موقع پر روایتی بگل بجا کر صدر مملکت کی پریڈ گراؤنڈ میں آمد کا اعلان کیا گیا جو خصوصی لال بگھی میں سوار ہو کر پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔

علی الصبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔بعد ازاں لاہور میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

آج سے 79 سال قبل23 مارچ 1940 کے دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی تھی جس کی وجہ سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔پاکستان میں ہر سال 23 مارچ کو سرکاری سطح پر تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جس میں مسلح افواج کی پریڈ کو منفرد اہمیت حاصل ہے۔

اس کے علاوہ 23 مارچ کی پریڈ میں چین، سعودی عرب، ترکی، آذربائیجان، بحرین اور سری لنکا کے فوجی دستے بھی حصہ لے رہے ہیں۔دوسری جانب صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی مختلف شعبہ زندگی میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے افراد کو سرکاری اعزازات سے بھی نوازیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …