بدھ , 22 مئی 2019

بشریٰ بی بی سے اختلافات : وزیراعظم نے افواہوں کو سختی سے مسترد کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی سے تعلق کے حوالے سے کی جانے والی افواہوں کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔نجی ٹی وی چینیل سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق تمام افواہوں کی تردید کی۔ایسی افواہیں سامنے آرہی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان کشیدگی ہے اور وہ بنی گالہ چھوڑ کر جاچکی ہیں جس کے بعد علیحدگی ہوسکتی ہے۔

مگر نجی ٹی وی کی رپورٹ میں عمران خان کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیراعظم نے ان تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بشری بی بی ان کے لیے اللہ کی سب سے بڑی رحمت ہیں اور اس حوالے سے افواہیں بے بنیاد ہیں،ہم دونوں آخری سانس تک اکھٹے رہیں گے۔

خیال رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی گزشتہ سال فروری میں ہوئی تھی۔اس شادی کی اطلاعات پہلے سامنے آگئی تھی مگر اس وقت پی ٹی آئی اور عمران خان کی جانب سے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ابھی عمران خان نے ابھی بشریٰ بی بی کو شادی کا پیغام بھیجا ہے۔یہ عمران خان کی تیسری جبکہ بشریٰ بی بی کی دوسری شادی ہے۔

اس بارے میں بشریٰ بی بی نے ستمبر 2018 میں اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ عمران خان سے شادی ان کی عدت کے 7 ماہ گزرنے کے بعد ہوئی تھی۔انہوں نے وزیر اعظم کی زندگی کے حوالے سے بتایا کہ وہ انتہائی سادہ انسان ہیں اور انہیں کسی بھی چیز کی لالچ نہیں، کوئی سیاست دان ایسا نہیں جس کے پاس صرف 2 سے 3 سوٹ ہوں اور ضرورت پڑنے پر وہ کسی سے مانگ کر بھی کپڑے پہنتا ہو۔

بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ سیاستدان اور لیڈر میں فرق ہوتا ہے، لیڈر عوام کی تقدیر بدلتا ہے اور سیاستدان صرف حالات بدلتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس صدی میں دنیا میں صرف دو ہی لیڈر ہیں ایک عمران خان اور دوسرے ترک صدر رجب طیب اردوان۔

یہ بھی دیکھیں

فرشتہ قتل کیس: غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت کے علاقے شہزاد ٹاؤن میں 10 سالہ لڑکی فرشتہ کے اغوا، …