جمعرات , 25 اپریل 2024

کراچی: حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی، 42 کروڑ روپے برآمد

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 42 کروڑ روپے سے زائد رقم برآمد کرلی اور 3 مبینہ ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے سلطان خواجہ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے سندھ کی جانب سے حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اورمختلف مقامات میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے دو کارروائیوں میں مجموعی طور پر 42 کروڑ روپے سے زائد رقم برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ خانانی اینڈ کالیا کے طرز پر دبئی میں ایک اور بڑی ایکسچینج کمپنی کام کررہی ہے جس کے مالک کی عرفیت رنگیلا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ منی ٹریل کو سینٹرلائز کرکے ملک سے رقم کی غیر قانونی منتقلی کو روکا جاسکتا ہے کیونکہ حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم بیرون ملک جاتی ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے ڈالرکی ذخیرہ اندوزی اور کرنسی کی مشکوک تجارت کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کرنے کے اعلان کے بعد ایف آئی اے نے کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا۔ایف آئی اے 7 اپریل کو لاہورکے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 4 کروڑ مالیت کی کرنسی برآمد کرلی تھی اور 3 افراد کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ حکومت کی ڈالر کی ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، حوالہ، ہنڈی اور پاکستانی روپے کی قدر کم کرنے کے حوالے سے مخصوص غیرقانونی تجارت کے خلاف کارروائی کے تحت چھاپہ مارا گیا۔ایف آئی اے کی مذکورہ ٹیموں نے لاہور کے تمام منی ایکسچینز میں کارروائیاں کیں اور ان کے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہہ ایف آئی اے کی ٹیموں نے چھاپے کے دوران ڈی ڈی ایکسچینج لاہور کے قبضے سے کروڑوں روپے برآمد کرلیے اور تین افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کردیا۔

بعد ازاں 10 اپریل کو اسلام آباد سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا اور ان کے قبضے سے 10 لاکھ روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی بھی براآمد کرلی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے اسلام آباد کے آئی-8 مرکز میں قائم انیق آرکیڈ میں قائم غیر قانونی منی ایکسچینج۔ ٹی ٹی اینڈ ڈی ڈی کرنسی ایکسچینج پر چھاپہ مارا۔

چھاپے کے دوران ایف آئی اے نے 4 لاکھ 61 ہزار 250 روپے، 33 ہزار 295 یو اے ای درہم، 3 ہزار 800 امریکی ڈالر، 2 ہزار 5 سو پاؤنڈز، 300 آسٹریلین ڈالرز، 300 قطری ریال، ایک ہزار 805 یورو اور ایک ہزار 610 سعودی ریال برآمد کرلیے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 59 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی کے رجحان سے …