ہفتہ , 20 اپریل 2024

کنیسٹ انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان، بنجمن نیتن یاھو کی جماعت کامیاب

یروشلم (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کو پارلیمانی انتخابات میں اپنے حریفوں پر برتری حاصل ہے اور وہ دائیں بازو کی مذہبی جماعتوں کی حمایت سے پارلیمان میں زیادہ نشستیں حاصل کر لے گی۔اسرائیل میں منگل کو پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے گئے تھے۔ بدھ کو 97 فی صد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی تھی اور نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ پارلیمان کی 120 نشستوں میں سے 65 پر جیت رہی تھی۔ توقع ہے کہ آیندہ مخلوط حکومت میں انھیں ہی وزیراعظم نامزد کیا جائے گا۔ یہ ان کی بہ طور وزیراعظم پانچویں اور ریکارڈ مدت ہوگی اور وہ اسرائیل کے سب سے زیادہ عرصہ حکمراں رہنے والے سیاست دان بن جائیں گے۔

اسرائیلی صدر ریو وین ریولین نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ آیندہ ہفتے سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے ملاقات کریں گے اور ان سے یہ پوچھیں گے کہ وہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے کس امیدوار کی حمایت کرتے ہیں۔

اسرائیلی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی لیڈروں سے ملاقاتوں کو شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ وہ ان ملاقاتوں میں سب سے زیادہ حمایت کے حامل لیڈر کو نئی مخلوط کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دیں گے۔ وزارت عظمیٰ کے نامزد امیدوار کو 28 روز میں نئی حکومت تشکیل دینا ہوگا۔ البتہ ضرورت پڑنے پر اس مدت میں دو ہفتے کی توسیع کی جاسکتی ہے۔

اسرائیل میں ان انتخابات میں لیکوڈ پارٹی کے اپنے حریف بائیں بازو کے بلاک سے سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی اور الیکشن کو نیتن یاہو کے لیے ریفرینڈم قرار دیا جارہا تھا کیونکہ انھیں بدعنوانیوں کے الزامات کا سامنا ہے اور ان کے خلاف تین کیسوں میں فردِ جرم عاید کی جاسکتی ہے۔ تاہم وہ کسی غلط روی سے انکار کرتے چلے آ رہے ہیں۔

اس سب کچھ کے باوجود نیتن یاہو نے سبکدوش ہونے والی مخلوط حکومت کے مقابلے میں چار نشستیں زیادہ حاصل کر لی ہیں۔ان کے مد مقابل بلیو اور وائٹ پارٹی کے سربراہ سابق آرمی چیف بینی گانٹز تھے۔ ان کی جماعت نے پارلیمان کی پینتیس نشستیں جیتنے کا دعویٰ کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …