ہفتہ , 20 اپریل 2024

پشاور: حیات آباد میں فورسز کا آپریشن کامیاب، عمارت کلیئر، 5 دہشتگرد ہلاک

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور حیات آباد آپریشن میں عمارت کو کلیئر کر دیا گیا۔ ارد گرد کی عمارتوں کو کلیئر کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے، آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے، بم ڈسپوزل یونٹ نے مکان میں نصب خطر ناک بم ناکارہ بنا دیا، دھماکے سے مکان منہدم ہوگیا۔ رات گئے حیات آباد فیز سیون سیکٹر ٹین کے گھر میں موجود دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، دوران آپریشن دہشت گردوں کی فائرنگ سے اے ٹی سی کا ایک پولیس اہلکار شہید ہوا جس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 16 گھنٹے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اسی دوران کئی زوردار دھماکے بھی سنے گئے۔ دھماکوں، بھاری ہتھیاروں کی آواز اور گولیوں کی تڑ تڑاہٹ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پاک آرمی کے جوان آپریشن میں پولیس کی مدد کے لیے موجود رہے، سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں محصور افراد کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ فائرنگ سے معمولی زخمی خاتون کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان کے مطابق پوش علاقہ ہونے کی وجہ سے احتیاط سے کام لیا گیا، علاقے میں کلیرنس آپریشن جاری ہے، مکان میں موجود آئی ای ڈی کو ناکارہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …