جمعہ , 19 اپریل 2024

سہیل محمود سیکرٹری خارجہ مقرر، نوٹی فکیشن جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں تعینات پاکستانی سفیر سہیل محمود سیکرٹری خارجہ مقرر کردیئے گئے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد فارن سروس سے ریٹائرڈ ہو گئی ہیں اور ان کی جگہ بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود کو نیا سیکرٹری خارجہ مقرر کیا گیا ہے، سہیل محمود چیف ڈپلومیٹ کا عہدہ سنبھالنے کے لئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان فارن سروس گریڈ 22 کے سہیل محمود کی بطور سیکرٹری خارجہ تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، سہیل محمود بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر تھے، وہ ہفتے کو اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے جس کے بعد سید حیدر شاہ متبادل کی تعیناتی تک پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر بن گئے۔

اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والی تہمینہ جنجوعہ نے وزارت خارجہ میں 35 سال خدمات انجام دیں اور بطور سیکرٹری خارجہ فروری 2017 میں تعینات ہوئیں، وہ ملک کی تاریخ کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے یہ منصب سنبھالا، گزشتہ روز ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی، اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تہمینہ جنجوعہ نے بطور سیکرٹری خارجہ اپنی خدمات بخوبی نبھائیں، ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک کوششوں کی بدولت وزارت خارجہ نے انتہائی جانفشانی سے اپنے کام انجام دیئے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …