ہفتہ , 20 اپریل 2024

کراچی: عدالت کا 20 مختلف بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کا حکم

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کی مقامی عدالت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر 20 مختلف بینک اکاؤنٹس کو عبوری طور پر منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔شہر قائد کی کسٹم عدالت میں امریکی ڈالرز بیرون ملک بھیجنے، اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور بے نامی اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عدالت میں ایف بی آر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ خدشہ ہے کہ اربوں روپے کی ٹرانزیکشن والے اکاؤنٹس سے رقم نکال لی جائے گی، لہٰذا قومی رقم محفوظ بنانے کے لیے تینوں مقدمات کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں۔

سماعت کے دوران بتایا گیا کہ کراچی کے ایک خاندان کی جانب سے 4 لاکھ سے زائد ڈالرز امریکا منتقل کیے جانے کا مقدمہ درج ہے، ان ملزمان میں پرویز علی ان کی بیٹیاں سارہ، انعم علی اور بیٹا جبران شامل ہیں۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے منی لانڈرنگ کے لیے 2016 میں 11 بینک اکاؤنٹس کھولے اور وہ اب تک 4 لاکھ 94 ہزار 500 ڈالرز امریکا منتقل کرچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منجمد کرنے والے اکاؤنٹس میں بھٹو کالونی کے رہائشی محمد ابراہیم کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے، بے نامی اکاؤنٹ میں یکم جولائی 2015 سے 30 جون 2018 تک رقم منتقل کی گئی۔

تفتیشی افسر کے مطابق 3 برس میں مجموعی طور پر 36 کروڑ 94 لاکھ سے زائد کی رقم جمع کروائی گئی، اس کے ساتھ ساتھ 8 ارب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن کرنے والے 8 بے نامی اکاؤنٹس بھی منجمد کرنے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 4 تاجروں پر 5 برس میں ایک ارب 26 کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری کا الزام ہے، ان ملزمان میں ایک زور طالب خان سالار انٹرپرائزز اور سالار مائننگ کا پرپرائٹر ہے۔تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ تاجر زور طالب خان نے 2012 سے 2017 کے دوران 6 بے نامی اکاؤنٹس کھولے جبکہ ملزمان نے 5 برس میں 8 بے نامی اکاؤنٹس سے 8 ارب سے زائد کی ٹرانزیکشن کی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ بے نامی اکاؤنٹس کا استعمال رنگ کی دکان، ٹرانسپورٹرز، تیل، اسپیئر پارٹس کے کاروبار میں کیا گیا۔اس موقع پر عدالت سے استدعا کی گئی کہ ان بینک اکاؤنٹس کو 30 روز کے لیے منجمند کرنے کا حکم دیا جائے، جس پر عدالت نے 20 ایسے اکاؤنٹس کو عبوری طور پر منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …