جمعہ , 19 جولائی 2019

تہران : پاکستان کے تین روزہ ثقافتی میلے کا آغاز

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)تہران میں پاکستان کے تین روزہ ثقافتی میلے کا آغاز ہوگیا ہے۔تہران کے میلاد ٹاور میں شروع ہونے والے پاکستان کے ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب میں ایران کے وزیر صنعت و تجارت رضا رحمانی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں ایرانی پارلیمنٹ کے ارکان، اعلی سول اور فوجی عہدیداروں اور مختلف ملکوں کے سفیروں کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ایران کے وزیر صنعت و تجارت رضا رحمانی نے فیسٹول کا افتتاح اور مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا۔

ایران کے وزیر صنعت و تجارت نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہت گہرے اور تاریخی ہیں جس نے باہمی تعلقات کے فروغ کی مضبوط بنیادیں فراہم کردی ہیں۔ رضا رحمانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان فری ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد دونوں ممالک سن دوہزار اکیس تک باہمی تجارت کو پانچ بلین ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

پاکستانی سفیر رفعت مسعود نے ملک کی ترقی اور باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی سیکورٹی کو مضبوط بنانے سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان اورایران کی قیادت کے درمیان اچھے رابطے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی سلامتی کے لیے اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔اس موقع پر پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر کے ثقافتی ورثے کی نمائش بھی کی گئی جبکہ مختلف فنکاروں نے لوک موسیقی کا بھی مظاہرہ کیا۔

یہ بھی دیکھیں

ایران نےامریکا کیساتھ بات چیت کا امکان مسترد کردیا

اقوام متحدہ میں ایرانی ترجمان علی رضا میر یوسفی کا کہنا ہے کہ  امریکا کیساتھ …