ہفتہ , 19 اکتوبر 2019

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا ورلڈکپ سے قبل معاہدے میں توسیع کی خواہش کا اظہار

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ورلڈکپ سے قبل معاہدے میں توسیع کی خواہش کا اظہار کیا ہے جب کہ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کے معاہدے ورلڈ کپ تک ہیں جب کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار سے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے ان کے معاہدے میں توسیع کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے مکی آرتھر کی خواہش پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، مکی آرتھر اس سے قبل بھی مزید کام کرنے کی خواہش کا اظہار کئی بار میڈیا میں بھی کر چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور مزید کام کرنے کے خواہش مند نہیں اور انہوں نے ورلڈ کپ کے بعد مزید کام نہ کرنے کا پیغام پی سی بی کو پہنچا دیا ہے۔

یاد رہے کہ گرانٹ فلاور سے پہلی بار مئی 2014 میں دو سالہ معاہدہ کیا گیا تھا۔قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس کے استعفے کے بعد پی سی بی نے 6 مئی 2016 کو جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔مکی آرتھر اس سے قبل 2011 سے 2013 تک آسٹریلیا اور 2005 سے 2010 تک جنوبی افریقا کی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سابق کپتان شاہد آفریدی نے خواتین کیلئے تعلیم عام کرنے کا بیڑا اٹھالیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک بھر میں خواتین کیلئے تعلیم …