جمعرات , 25 اپریل 2024

ایران کا سی آئی اے سے منسلک گروہوں کو گرفتار کرنے کا اعلان

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلیجنس نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سکیورٹی دستوں نے گذشتہ ایک سال کے دوران امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے سے منسلک 116 منافق گروہوں اور 114 دہشت گرد ٹیموں کو گرفتار کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلام میں حکومت اور امامت عوام کے تحفظ، فلاح اور بہبود کے لئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت اور اسلام میں یہی فرق ہے کہ جمہوریت میں عوام کی حکومت عوام پر بیان کی گئی ہے جبکہ اسلام نےصالح اور نیک بندوں کی حکومت کو عوام کے لئے منتخب کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی وزارت انٹیلیجنس کا تعلق بھی ایرانی عوام سے ہے اور عوام کی سکیورٹی اور تحفظ اس ادارے کی سب سے اہم ذمہد اری ہے۔

سید محمود علوی نے کہا کہ ایرانی انٹلیجنس نے امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے پر کاری ضرب وارد کرتے ہوئے ایران کے اندر اس کی تخریب کاری کی متعدد کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی انٹیلیجنس نے دوست ممالک کو بھی امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی فعالیتوں کے بارے میں اطلاعات فراہم کیں ۔ جس کے نتیجے میں امریکی خفیہ ایجنسی کو خطے میں سخت ناکامی اور دشواری کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران امریکی سی آئی اے سے وابستہ 114 تکفیری ٹیمیں ، 116 منافقین کی ٹیمیں گرفتار کی گئی ہیں جبکہ دہشت گردوں کی 118 کارروائیوں کو ناکام بنایاگيا ہے۔ سید محمود علوی نے کہا کہ منشیات میں ملوث 380 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیکڑوں افراد کو سی آئی اے کے جال میں پھنسنے سے بھی بچایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خطے میں دشمن کی تمام سرگرمیوں پر ایرانی انٹیلیجنس کی قریبی نظر ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …