جمعرات , 18 جولائی 2019

کمانڈر قدس فورس کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل قاسم سلیمانی نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج کے تمام دستے پوری تندھی کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔صوبہ خوزستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل قاسم سلیمانی لوگوں میں گھل مل گئے اور انہوں نے وہاں صورتحال کا بہت قریب سے جائزہ لیا۔اس موقع پر عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دونوں کمانڈروں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ انجینئرنگ کور کی کارکردگی اور سیلاب پر قابو پانے کے لئے کی جانے والی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقے شادگان میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کو جب بھی عوامی کمک کی ضرورت پڑی ہے عوام نے ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آج عوام کو مسلح افواج کی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کے تمام دستے عوام کی خدمت کے لیے میدان عمل میں موجود ہیں اور پوری تندھی کے ساتھ ان کی خدمت میں مصروف ہیں۔

بعد ازاں قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے کمانڈر ابومہدی المہندس کے ہمراہ آبادان ماہ شہر شاہراہ پر مشترکہ انجینیئرنگ کور کی کاکردگی کا قریب سے مشاہدہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ایران اور عراق کی مشترکہ انجینیئرنگ کور سیلاب میں تباہ ہونے والی آبادان ماہ شہر شاہراہ کی بحالی میں مصروف ہے۔

قدس فورس کے کمانڈر نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ جاری رکھتے ہوئے آبادان قفاص شاہراہ، دریائے بہمن شیر اور اس کے کنارے آباد بستیوں کا بھی معائنہ اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔جنرل قاسم سلیمانی بعد ازاں آبادان شہر کے نواحی دیہات میں گئے اور لوگوں سے ملاقات کرکے ان کی مشکلات اور مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں-

واضح رہے کہ عراقی حکومت نے بے مثال دوستی کا مظاہر کرتے ہوئے، سیلاب سے متاثرہ ایرانی صوبے خوزستان میں بحالی کے کاموں میں حصہ لینے کے لیے بھاری مشینریاں اور آلات روانہ کیے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

بحرین اور قطر پھر آمنے سامنے

رپورٹ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے قطر کو …