ہفتہ , 20 اپریل 2024

وزارت پیٹرولیم میں ڈاکا مارا گیا اس لیے وزیرتبدیل ہوا: مشیر اطلاعات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سابق وزیر صحت عامر کیانی کو وزارت سے کرپشن کی وجہ سے نہیں بلکہ کوتاہی کی وجہ سے ہٹایا گیا جب کہ وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کو گیس بلوں میں جان بوجھ کر ردوبدل کی وجہ سے ہٹایا گیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اجلاس میں ادویات کی قیمتوں میں کمی اور چین کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد عوام کی مشکلات کم کرنا ہے، وزیراعظم چین کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے پر دستخط کریں گے، یہ معاہدہ پہلے بھی ہوا تھا مگر مقامی انڈسٹری کے اس پر تحفظات تھے۔فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ سابق وزیر صحت عامر کیانی کو وزارت سے کرپشن کی وجہ سے نہیں بلکہ کوتاہی کی وجہ سے ہٹایا گیا جبکہ وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کو گیس بلوں میں جان بوجھ کر ردوبدل کی وجہ سے ہٹایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سب پریشان تھے، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر بریفنگ دی اور بتایا کہ وہ ادویات کی قیمتوں میں کمی کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جن ادویہ ساز کمپنیوں نے پیسے بنائے ہیں، ان سے وہ پیسے واپس لے کر بیت المال میں جمع کرائے جائیں گے، اور پھر بیت المال مستحق مریضوں پر وہ فنڈز لگائےگا۔

مسلم لیگ ن کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے مہنگی ترین ایل این جی خریدنے اور قیمت 15 سال تک منجمد کرنے کا معاہدہ کرکے قوم کے ساتھ فراڈ کیا جس کا فائدہ کچھ افراد نے اُٹھایا۔فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ایل این جی کا نیا معاہدہ نئی شرائط اور کم ترین نرخ پر شفاف طریقے سے کیا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …