جمعرات , 18 اپریل 2024

پشاور تا کراچی ریلوے ٹریک بچھانے کیلئے پاک چین معاہدہ طے

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے سے متعلق ایم ایل ون معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت پشاور سے کراچی تک ریل گاڑیوں کے لیے ڈبل ٹریک بچھایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دورہ چین پر موجود وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ یہ پاکستان ریلوے کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پشاور اور کراچی کے درمیان تعمیر کیے جانے والے نئے ٹریک پر ریل گاڑی کی رفتار ایک سو 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

خیال رہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے (بی آر آئی) کے فورم کے ساتھ وزیراعظم عمران خان نے اپنے چینی ہم منصب لی کیانگ اور چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ ملاقات گریٹ ہال میں ہوئی جہاں دونوں ممالک کے سربراہان کے ہمراہ ان کا وفود بھی موجود تھا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ایک روز قبل چین کے نائب صدر وانگ قشان سے اپنے وفد کے ساتھ ملاقات کی تھی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور چینی رہنماؤں کی بات چیت کا مرکز پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ ہے جس کے حوالے سے چینی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی ترجیحات کے مطابق ایڈجسٹ کرنے پر رضا مندی کا اظہار کیا۔

سی پیک کے دوسرے مرحلے میں چین سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا جن میں تعلیم، صحت، ذراعت، پانی و آب پاشی، انسانی ترقی اور غربت کے خاتمے سے متعلق منصوبے شامل ہیں اور یہ سرمایہ کاری تقریباً ایک ارب ڈالر تک ہوگی۔

وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران ہی ان منصوبوں پر سرماری کاری سے متعلق دونوں ممالک کے درمیان معاہدے ہوں گے۔پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) کے دوسرے مرحلہ میں دستخط کیے جائیں گے جس کی وجہ سے چین پاکستانی مصنوعات کے لیے اپنی 90 فیصد مارکیٹ کو اوپن کردے گا۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …