منگل , 20 اگست 2019

اسمگلنگ اور سائبر کرائم کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں:آیت اللہ سید علی خامنہ ای

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)رہبرانقلاب اسلامی نے اسمگلنگ اور سائبر کرائم کے خلاف سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے محکمہ پولیس کے اعلیٰ کمانڈروں اور افسران سے ملاقات میں سائبر سیکورٹی کو یقینی بنانے میں پولیس کے کردار کو انتہائی اہم بتایا اور فرمایا کہ محکمہ پولیس کو چاہئے کہ وہ اسمگلنگ اور سائبراسپیس میں بدامنی پھیلانے والوں سے سختی سے پیش آئے۔

آپ نے سائبر سیکورٹی کے بارے میں فرمایا کہ سائبراسپیس آج لوگوں کی زندگی میں بہت زیادہ رواج پاچکا ہے اور جہاں اس کے فوائد ہیں وہیں اس کے انتہائی خطرناک اور مضراثرات بھی ہیں۔رہبرانقلاب اسلامی نے سائبر کرائم اور اس کے ذریعے غلط و منفی پروپیگنڈوں اور غیر اخلاقی باتوں کی تشہیر کو عوام کے لئے نقصان دہ قررادیا اور فرمایا کہ اس سلسلے میں پولیس کی ذمہ داری بہت ہی اہم ہے۔

آپ نے فرمایا کہ اقتصادی اور معاشی رونق اور ترقی کے پیشرفت کے لئے سیکورٹی اور سائبر سیکورٹی دونوں کا ہونا بہت ہی ضروری ہے۔رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج پیداواری فروغ کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ اسمگلنگ ہے اور اسمگلنگ دوطرفہ ہو رہی ہے جہاں دیگرملکوں سے اسمگل کرکے سامان ایران لایا جا رہا ہے وہیں ایران کی زرعی اجناس اور عوامی ضرورت کی چیزیں ملک سے باہر اسمگل کی جارہی ہیں۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ محکمہ پولیس کی ایک اور اہم ذمہ داری ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پوری طرح سےپابندی لگانا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ امریکا جیسے بعض ملکوں میں اسلحہ ساز کمپنیوں کے مفادات کی بنا پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت آزاد ہے اور یہ چیز وہاں کے عوام کے لئے ایک بڑی مشکل بن گئی ہے لیکن ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہے اور ہتھیاروں کی خرید و فروخت منع ہے اور اس پر پوری دقت کے ساتھ عمل اور اسلحے کی خرید و فروخت کو صفر تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے مختلف میدانوں میں ایرانی عوام کو ہر طرح کی سیکورٹی اور سہولتیں فراہم کرنے میں محکمہ پولیس کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ حالیہ سیلاب میں پولیس نے متاثرین کی امداد اور سیکورٹی کی فراہمی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سوڈان میں معاہدے کے باوجود عبوری فوجی کونسل کی تحلیل موخر

خرطوم (مانیٹرنگ ڈیسک)سوڈان میں معاہدے کے باوجود عبوری فوجی کونسل کی تحلیل موخر کردی گئی …