منگل , 23 اپریل 2024

رمضان المبارک آرہا ہے، دانت تیز کر لو

(تحریر: ثاقب اکبر)

بے رحم قصاب صفت قسی القلب سرمایہ دار ایک دوسرے کو طریقے طریقے سے کہہ رہے ہیں کہ رمضان المبارک آرہا ہے، دانت تیز کر لو کیونکہ یہ مبارک مہینہ ہے، اس میں برکتیں لوٹنے کے لیے تیار ہو جاؤ، ہر چیز مہنگی کر دو، فی الحال ہر چیز کا ذخیرہ کر لو۔ فکر نہ کرو ہمیں کوئی نہیں دیکھ رہا۔ سیاستدان ایک دوسرے میں الجھے ہوئے ہیں۔ ہمارے لیے ”ستّے خیراں“ ہیں۔ یہ جو قرآن نے کہا ہے کہ ”روزے تم پر فرض کر دیے گئے ہیں کہ شاید تم متقی ہو جاؤ“ یہ عوام الناس کے لیے ہے، تاکہ وہ کم کھائیں اور کم خرچ کریں۔ ہم تو چیزیں مہنگی کرکے ان کو کم کھانے کی ترغیب دیتے ہیں، تاکہ حصول تقویٰ کا مشن وہ پورا کرسکیں۔

یہ پہلا رمضان تو نہیں آرہا کہ جس میں چیزیں مہنگی ہوں گی، یہ تو ہر سال آتا ہے، چیزیں مہنگی ہوتی ہیں، حکمرانوں کے اخباری بیان آتے ہیں، کبھی نہ کبھی غریب چھوٹے دکانداروں پر قانون قہر بن کر ٹوٹتا ہے اور سرمایہ داروں کی جو پہلے پانچوں گھی میں ہوتی ہیں، اس مہینے میں ان کا سر بھی کڑاہی میں ہوتا ہے، نہ سر جلتا ہے نہ دل یا جاں سے دھواں اٹھتا ہے بلکہ جوں جوں رمضان گزرتا ہے ”برکتوں“ میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے، پھر عید تو سبحان اللہ، رمضان شریف کی رہی سہی کسر اس پر نکل جائے گی اور سادہ دل عوام جیبیں خالی کرکے جمع پونجی لٹا کر یا قرض کا بوجھ سر پر لے کر پھر حسب معمول بوجھل زندگی کا آغاز کر دیں گے، نہ کسی کو رحم آئے گا اور نہ کوئی پرسان حال ہوگا۔

قرض کی پیتے تھے مَے اور سمجھتے تھے کہ ہاں
رنگ لاوے گی ہماری فاقہ مستی ایک دن

تلخ مزے کی بات یہ ہے کہ یہی سرمایہ دار کہیں افطاری کا دستر خوان بھی لگا دیں گے اور امراء اور وزراء کے لیے بڑے بڑے ہوٹلوں میں الگ سے افطار ڈنر بھی سجا دیں گے۔ وہی قتل بھی کریں گے، وہ الٹا ثواب بھی لے لیں گے۔ عجیب المناک صورت حال ہے، عجیب اسلام کا مذاق ہے، ہر مطلب ہی الٹ ہوگیا، ہر مقصد ہی دگر گوں ہوگیا، ہر حیلہ ہی الٹ جا پڑا۔ روزہ تو اللہ کی خاطر بھوکے رہنے کے لیے تھا، یہی پُرخوری کا ذریعے بنا دیا گیا، جو تقویٰ شعاری کا پیغام لے کر آیا تھا، وہی لوٹ مار کا وسیلہ بن گیا۔ ساری تدبیریں ہی الٹی ہوگئیں۔ روزہ جسے بدن کی زکوٰة کہا گیا تھا، یار لوگوں نے اسے اپنے بدن کی نہیں، دوسرے لوگوں کے بدن کی زکوٰة بنا لیا۔ روزہ جو روحانی تربیت کے لیے تھا، وہ جسمانی نشوونما کے لیے بروئے کار آنے لگا۔ گویا رمضان شریف معاشرے کے لیے رحمت بن کر نہ اترا اور قرآن کے نزول کا مہینہ کثرت قرات و قرآن خوانی کے باوجود مقاصد قرآنی سے دور ہوگیا۔ تلاوت کی صدائیں ہر طرف گونج رہی ہیں، لیکن یہ صدائیں حلق سے نکل رہی ہیں، محمد مصطفیٰ کے دل پر نازل ہونے والے قرآن کی آیتیں ہمارے دل سے باہر نہیں آرہیں۔

اگر واقعاً چند کروڑ انسان ملک میں ایک وقت کے لیے کھانے سے ہاتھ کھینچ لیں تو چیزوں کو مہنگا ہونا چاہیئے یا سستا؟ طرح طرح کے پکوان تیار کرنے والوں، نوع نوع کے مشروبات بنانے والوں اور چٹخارے دار مصالحوں کے تاجروں نے روزوں اور کھانے سے ہاتھ کھینچنے کی تعلیم دینے والے مہینے میں ہماری کھانے اور پینے کی اشتہا کو بڑھا دیا ہے۔ قرآن کس سے فریاد کرے، قاریان قرآن سے، تکبیر کہنے والوں سے یا تکبیر پھیرنے والوں سے؟ حقیقت یہ ہے کہ اگر غریب دھوکہ نہ کھائیں تو امیر دھوکہ نہیں دے سکتا۔ روزے دار اگر روزے کے مقاصد سے آگاہ ہوں تو سرمایہ دار انہیں اپنی ہوس زر کا نشانہ نہیں بنا سکتا۔ جب ہمارا طرز عمل ہی یہ دعوت دے رہا ہو

اب تو زنجیر سے باندھو مجھے ہاروں سے نہیں

تو پھر سرمایہ دار تو ہوتا ہی بے رحم ہے۔ وہ تو سرمائے کو بڑھانے کے لیے ہر حیلے کو جائز سمجھتا ہے۔ مذہبی معاشرے میں یہ سرمائے دار ریاکار بھی ہوتا ہے اور اس کے بارے میں قرآن کہتا ہے کہ یتیم و مسکین کے رنج و غم سے بے نیاز یہ لوگ نمازی بھی ہیں، لیکن حقیقت میں اپنی نماز سے غافل ہیں اور یہ ریاکار بھی ہیں، لیکن اُس معاشرے کا کیا کریں جس کی اکثریت دھوکہ کھانے کے لیے خود سے آمادہ ہو۔

آپ ہماری بدقسمتی دیکھیئے کہ ہمارے ٹی وی چینلز پر رمضان شریف کے نام سے جو پروگرام پیش کیے جاتے ہیں، وہ دراصل سرمایہ داروں کی مصنوعات اور کھانے پینے کی پروڈکٹس کی تشہیر کے لیے بنائے جاتے ہیں۔ ان پروگراموں کو عالی شان جاذب نظر اور پرفریب بنانے کے لیے ساری دولت یہی سرمایہ دار صرف کرتے ہیں اور بکاؤ مال جو سال بھر رقص و سرود کی محفلیں سجاتا ہے اور جو معاشرے میں برائی کا آلہ کار بنا رہتا ہے، وہ ہمیں روزے کی فضیلت بتانے کے لیے مامور ہو جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ برائی کی دعوت بھی پیسے لے کر دیتے ہیں اور بھلائی کا نام بھی پیسے لے کر لیتے ہیں۔ ان کے لینے دینے کی حیثیت سوائے اس کے کچھ نہیں کہ یہ ہر چیز پیسوں کے عوض بیچنے کے لیے تیار رہتے ہیں اور ہمارے معاشرے کی سادگی دیکھیے کہ ہم دین بھی ایسوں ہی سے سیکھنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔

ان کے لب و دہن سے نکلنے والا دین ہمیں اپنی طرف کھینچتا ہے، نیک اور پارسا لوگوں کی کہی ہوئی دین کی باتیں ہمارے دل و دماغ پر اثر ہی نہیں کرتیں۔ ایسے میں سرمایہ داروں سے کیا شکوہ۔ شکوہ تو روزے داروں سے ہی کرنا چاہیئے اور حکمرانوں سے کیا شکوہ جنہیں اسمبلیوں میں بھجوانے کے لیے سرمایہ دار اپنے سرمائے کی تجوریاں کھولتے ہیں، پھر یہ حکمران ہمارے لیے اپنی زبان تو چلا سکتے ہیں، بے رحم سرمایہ داروں کے سر پر قانون کی تلوار نہیں چلا سکتے۔ اس لیے ان دنوں سرمایہ دار ایک دوسرے سے کنکھیوں سے کہہ رہے ہیں:
رمضان المبارک آرہا ہے، دانت تیز کرلو۔

یہ بھی دیکھیں

مریم نواز ہی وزیراعلیٰ پنجاب کیوں بنیں گی؟

(نسیم حیدر) مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا تاج …