ہفتہ , 20 اپریل 2024

مسعود اظہر پر پابندی، چین کا مؤقف سامنے آگیا

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک)مسعود اظہر کا نام عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کیے جانے کے حوالے سے چین کا مؤقف بھی سامنے آگیا ہے۔اس حوالے سے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوآنگ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 1267 پابندی کمیٹی کا کسی بھی شخص کو فہرست میں شامل کرنے کا کافی مفصل معیارات ہیں اور چین ہمیشہ سے اس بات پر یقین رکھتا آیا ہے کہ فہرست میں نام شامل کیے جانے سے قبل فریقین میں مکمل اتفاق ہونا چاہیے اور اس حوالے سے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر غیر جانبدارانہ، پیشہ وارانہ اور بامقصد طریقے سے تمام متعلقہ امور کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فہرست میں نام کی شمولیت کے حوالے سے چین متعلقہ فریقین سے تعمیری اور ذمہ دارانہ رابطے رکھتا آیا ہے اور حال ہی میں متعلقہ ممالک نے 1267 کمیٹی میں جمع کرائی جانے والی پابندی کی تجویز میں اپنے مواد کا ازسرنو جائزہ لیا اور اس میں تبدیلی کی۔ترجمان نے مزید کہا کہ نظرثانی شدہ مواد کا باریک بینی سے جائزہ لینے اور تمام متعلقہ فریقین کی آراء کو مدنظر رکھنے کے بعد چین کو پابندی کی اس تجویز پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا مسئلے کے احسن طریقے سے حل ہونے سے ایک بار پھر یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ دہشتگردی کیخلاف بین الاقوامی تعاون میں ہمیں اقوام متحدہ کی متعلقہ تنظیم کے قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے، باہمی احترام کے اصول پر عمل کرنا چاہیے، مذاکرات کے ذریعے اختلافات کو ختم اور اتفاق قائم کرنا چاہیے اور تکنیکی معاملات کو سیاست زدہ نہیں کرنا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ میں اس بات زور دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں جن کا بین الاقوامی برادری کو کھل کر اعتراف کرنا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ چین دہشتگردوں اور شدت پسندوں کیخلاف پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …