ہفتہ , 20 اپریل 2024

اسلام آباد:امارات کے سفیر نے پھل فروش خاتون کو گھر تحفتاًدے دیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں رہنے والوں کی ایک بڑی تعداد پوش علاقے ایف -10 میں ریڑھی لگا کر پھل فروخت کرنے والی یاسمین بی بی سے بخوبی واقف ہے۔ خاوند کی وفات کے بعد اپنا اور بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے پہلے ملازمت کرنے اور اس کے بعد پھلوں کی ریڑھی لگانے کا ’غیر روایتی فیصلہ‘ کرنے والی یاسمین بی بی کی محنت اور ایمانداری کی قدر نہ صرف ان کے خریدار کرتے ہیں بلکہ اردگرد کے دکاندار بھی معترف ہیں۔

اللہ تعالی نے ماہ رجب اور شعبان میں زیادہ ’پریشان‘ رہنے والی یاسمین بی بی کی اس طرح سنی کہ جب انہوں نے اپنے کرائے کے گھر سے بیدخلی کا معاملہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پہ شیئر کیا اوراس ضمن میں مدد چاہی تو وہ اپیل متحدہ عرب امارات کے سفیر کی نگاہ سے گزری جس پر انہوں نے یاسمین بی بی کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ہی میں گھر خرید کر دینے کا فیصلہ کیا اوررمضان کے آغاز پر انہیں فرنشنڈ گھر تحفتاً دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر یاسمین بی بی نے کہا تھا کہ ان کا چھوٹا سا کرائے کا گھر گولڑہ موڑ کے علاقے میں ہے لیکن چونکہ وہ کرایہ ادا نہیں کرپارہی ہیں اس لیے مالک مکان نے انہیں گھر خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں مدد کی اپیل کی تھی۔

پھلوں کی ریڑھی لگانے والی یاسمین بی بی کے دکھ کے دن اس طرح بیتے کہ متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں تعینات سفیر حمد عبید ابراہیم نے انہیں جدید سہولیات سے آراستہ گھر تحقتاً دے دیا۔اسلام آباد کی رہائشی یاسمین بی بی ایف-10 میں خاوند کی وفات کے بعد سے پھل فروشی کرکے اپنا اورپانچ بچوں کا پیٹ پالتی ہیں۔ وہ گزشتہ تین سال سے علاقے میں پھل فروخت کرتی ہیں۔

یاسمین بی بی کا کہنا ہے کہ ہمت و عزم سے ہر کام آسان ہو جاتا ہے اور میں خود اس کی جیتی جاگتی مثال ہوں۔یقیناً! اسلام آباد کی پھل فروش یاسمین بی بی کے دکھ کے دن اگر پوری طرح نہیں بیتے تو بڑی حد تک کم ضرور ہوگئے ہیں کیونکہ اس مہنگائی کے دور میں انہیں کرائے کی ادائیگی نہیں کرنی پڑے گی اور نہ ہی ہر دم مکان سے بیدخلی کا خطرہ لاحق رہے گا۔

یہ بھی دیکھیں

دوران پرواز میاں بیوی لڑ پڑے؛ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

نئی دہلی: سوئٹزرلینڈ سے بینکاک جانے والی پرواز میں مسافر میاں بیوی آپس میں بری …