ہفتہ , 20 اپریل 2024

بعض اقدامات کی معطلی پرایران کا فیصلہ قابل فہم ہے، روس

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک)جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے بعض اقدامات کو معطل کرنے کے ایرانی فیصلے کو روس نے قابل فہم قرار دیا ہے جبکہ جرمنی نے کہا ہے کہ یورپ کو ایران کے خلاف امریکا کے مخاصمانہ اقدامات اور فوجی دھمکیوں کا نوٹس لینا چاہئے ۔

رشین فیڈریشن کی بین الاقوامی امور کی کونسل کے چیئر مین کونسٹانٹن کاساچف نے کہا ہے کہ اپنے بعض وعدوں پر عمل درآمد کو معطل کرنے کا ایرانی اعلان ، ایٹمی معاہدے کو رد کرنا نہیں بلکہ ایک ڈپلومیٹک اقدام ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے فیصلے کو سمجھنا زیادہ مشکل نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کا یہ فیصلہ ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکل جانے کا نتیجہ ہے۔ کونسٹانٹن کاساچف نے کہا کہ ایک سال قبل ایٹمی معاہدے سے نکل جانے کا امریکی اقدام، عالمی سلامتی کے لئے بہت ہی خطرناک تھا، اور اب اس پر ایران کے جوابی اقدام کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔جرمن پارلیمنٹ کے دفاعی کمیشن کے چیئر مین نے بھی ایران کے اعلان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یورپ کو ایران کے خلاف امریکا کی فوجی دھمکیوں کی مخالفت کرنی چاہئے ۔

میشائل ہن نے بدھ کو اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا کہ میں یورپ والوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ فوجی دھمکی سمیت ایران کے خلاف ہر غلط اقدام کے مقابلے میں مزاحمت کی جائے ۔دوسری طرف فرانس کی وزارت خارجہ نے ایران سے مطالبہ کیا ہے ایٹمی معاہدے کو باقی رکھے۔فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے سے ایران کے نکلنے کی صورت میں یورپی پابندیاں بحال ہوجائیں گی ۔

فرانس کی وزیر دفاع فلورینس پارلی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے سے ایران کا نکل جانا بہت برا ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ یورپ جامع ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنا چاہتا ہے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ ایران نے اب تک اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے ۔فرانس کی وزیر دفاع نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر دستخط کرنے والے یورپی ممالک، جرمنی، فرانس اور برطانیہ اس معاہدے کو باقی رکھنے اور امریکی پابندیوں کے مقابلے میں ایران کی اقتصادی مدد کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔

یاد رہے کہ جامع ایٹمی معاہدے میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ معایدے کے دیگر ارکان کی جانب سے وعدہ خلافی کی صورت میں ایران کو بھی اپنے وعدوں پر عمل درآمد روک دینے کا حق حاصل ہوگا۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …