جمعرات , 25 اپریل 2024

پاک-انگلینڈ پہلا ون ڈے بارش کی نذر

اوول (مانیٹرنگ ڈیسک)انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 5 میچوں کے سیریز کا پہلا میچ بارش کی مداخلت کے باعث 19 اوورز سے آگے نہ بڑھ سکا جس کے بعد میچ کو ختم کردیا گیا جبکہ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں پر 80 رنز بنالیے تھے۔انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم لندن میں بارش کے باعث میچ مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا جس کے باعث میچ کو 47،47 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز فخرزمان اور امام الحق نے کیا لیکن فخرزمان صرف 10 رنز پر آرچر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔بابراعظم آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جو 45 کے اسکور پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے اسکور کو 71 رنز تک پہنچایا تھا کہ ایک مرتبہ پھر بارش شروع ہوئی اور کھیل کو روک دیا گیا۔

بارش تھمتے ہی دوبارہ کھیل کا آغاز ہوا تو میچ کو مزید41 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا لیکن جلد ہی ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کی اور یوں کھیل کو روک دیا گیا جس کے بعد کھیل ممکن نہ ہوسکا اور میچ کو ختم کردیا گیا۔

پاکستان نے 19 اوورز میں 2 وکٹوں پر 80 رنز بنالیے اور اس وقت امام الحق 42 اور حارث سہیل 14 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔انگلینڈ کی جانب سے آرچر اور پلنکٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔سیریز کے پہلے میچ کے لیے پاکستان نے تجربہ کار باؤلر محمد عامر اور آصف علی کو بھی ٹیم میں شامل کرلیا گیا تھا جبکہ دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:
پاکستان: سرفرازاحمد( کپتان)، امام الحق، فخرزمان، بابراعظم، حارث سہیل، آصف علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامرانگلینڈ: آئن مورگن (کپتان)، جیمز وینس، جونی بیئراسٹو، جو روٹ، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، جو ڈینلی، عادل رشید، جوفرا آرچر، کرس ووکس، لیام پلنکٹ

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری بہت اچھی ہے اور کوشش کریں گے کہ ہم انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔انہوں نے کہا کہ میزبان ملک کے خلاف سیریز کھیل کر ورلڈ کپ سے قبل اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ٹیم کی خامیوں پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جب دو بہترین ٹیمیں کھیل رہی ہوتی ہیں تو باؤلنگ اور بیٹنگ تو اچھی ہوتی ہے، تاہم ایسے میں اچھی فیلڈنگ دونوں ٹیموں کے درمیان واضح فرق ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹیم کی فیلڈنگ خراب رہی تھی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم گزشتہ ڈیڑھ سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے اور کوشش کریں گے کہ ان کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی جائے۔قومی ٹیم کے کپتان نے بتایا کہ تجربہ کار آل رآؤنڈر شعیب ملک سیریز کے دوسرے میچ میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ 5 مئی کو کھیلے گئے سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی تھی۔ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی نمبر ایک ٹیم کے ون ڈے فارمیٹ پر نظر ڈالی جائے تو مایوس کن اعداد و شمار سامنے آئیں گے۔

گرین شرٹس کو حال ہی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 0-5 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف 5 میچوں کی سیزیز میں اسے 2-3 سے شکست ہوئی تھی۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

بنگلا دیشی حکمراں جماعت عوامی لیگ کی شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق

ڈھاکہ:بنگلا دیش کی حکمراں جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے …