جمعہ , 19 اپریل 2024

اسد عمر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے رکن تعینات، نوٹی فکیشن جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو کمیٹی برائے خزانہ کا رکن بنادیا گیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری ہوگیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائےخزانہ کی تشکیل نو کردی گئی جس کے تحت سابق وزیرخزانہ اسد عمر کمیٹی برائےخزانہ کا رکن بنا دیا گیا۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق اسدعمرکو تحریک انصاف کے رکن سید عبدالباسط احمدسلطان کی جگہ کمیٹی کارکن بنایاگیا۔اسد عمر کو کمیٹی چیئرمین بنانےکے لئے اجلاس پیر کو اسمبلی سیکریٹریٹ میں طلب کرلیا گیا جس میں سابق وفاقی وزیر خزانہ کو فیض اللہ کی جگہ کمیٹی کاچیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ مقرر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ انہوں نے اسد عمر کو قائمہ کمیٹی کا رکن بننے کی منظوری دیتے ہوئے عامر ڈوگر کو ہدایات جاری کی تھیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسد عمر اور وزیر اعظم کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں وزیر اعظم نے اسد عمر کو ایک بار پھر کابینہ کا حصہ بننے کی پیش کش کی تھی علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر خزانہ سے شیخ رشید نے ملاقات کر کے انہیں کابینہ میں دوبارہ شمولیت پر آمادہ بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسد عمر نے 18 اپریل کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، اس سے تین دن قبل اے آر وائی نیوز نے ان کے قلم دان کی تبدیلی کی خبر دی تھی۔ وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد اسد عمر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں اقرار کیا کہ انھیں کارکردگی کی بنیاد پر وزارت سے ہٹایا گیا۔ انھوں نے وزارت سے ہٹنے کے بعد وزیر اعظم کی خواہش کے باوجود کوئی اور وزارت لینے سے انکار کیا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …