بدھ , 24 اپریل 2024

ایران کے خلاف کارروائی کا کوئی امکان نہیں، علی زیدی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ پاکستان ایران کے خلاف کسی بھی طرح کی جارحیت کی حمایت نہیں کرے گا جبکہ انہوں نے ہمسایہ ممالک کے درمیان بہتر تعلقات پر زور دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’پاک-ایران تعلقات: چیلنجز اور امکانات‘ کے نام سے منعقد ہونے والے سمینار کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسلام آباد پالیسی انسٹیٹیوٹ کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اس سمینار میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کارروائی کا امکان نہیں۔

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے دورہ تہران کے دوران ایرانی لیڈرشپ کے ساتھ مل کر کس طرح دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی دوری کو ختم کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ ایران بہت مثبت رہا تھا، دونوں ممالک کے تعلقات پر پڑی برف پگھلی اور بہتر تعلقات کی نئی بنیاد رکھی گئی اور اسی بنیاد پر ہمیں اپنے تعلقات کو استوار کرنا ہے۔

علی زید نے ایران پر امریکی پابندی کے باوجود دنیا کے چند ممالک کی تہران کے ساتھ جاری تجارت کا حوالہ دیتے ہوئے اشارہ دیا کہ پاکستان کو بھی اپنے مفادات کو بالاتر رکھنا چاہیے اور تہران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو پورا کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ روابط نہ ہونے کی وجہ سے تعلقات کو بہتر کرنے میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ایک طریقہ کار وضع کرنے سے متعلق بات چیت جاری ہے تاکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے بین الاقوامی امور مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کا جغرافیہ ایک ہے اور ثقافت بھی ایک ہے جس میں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال ایک اہم عنصر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے بنیادی مسائل پر مفادات میں عدم مطابقت نہیں ہے۔

مشاہد حسین سید نے سیکیورٹی امور پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس معاملے میں بھی پائیدار سیکیورٹی بات چیت کی بدولت اس پر بھی کام کیا جارہا ہے۔لیگی رہنما نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں فوجی مہم جوئی کی کبھی حمایت نہیں کرے گا اور نہ ہی اپنی سرزمین کسی کے لیے استعمال ہونے دے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فرحت اللہ بابر نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کے دوران دہشت گردی سے متعلق ریمارکس کی تعریف کی اور کہا کہ تعلقات ہمیشہ ایک صاف سلیٹ پر شروعات کرنے سے بہتر ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک آپس میں سچ بولیں اور سرحد کی دونوں جانب ان علاقوں میں فوری کارروائی کریں جہاں ان کی رسائی ممکن نہیں ہے۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …