جمعرات , 18 اپریل 2024

گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کا حملہ، 3 سیکیورٹی گارڈز شہید

صوبہ بلوچستان کے ساحلہ علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل ’پرل کانٹیننٹل‘ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی گارڈز شہید اور 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور سیکیورٹی فورسز کی وردیوں میں ملبوس تھے، جنہوں نے پہلے مرکزی گیٹ پر موجود سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کرکے قتل کیا جس کے بعد ہوٹل میں داخل ہوئے اور وہاں موجود لوگوں کو یرغمال بنالیا۔دریں اثنا ہوٹل کی سیکیورٹی پر مامور گارڈز کی جانب سے مزاحمت دیکھنے میں آئی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے 3 سیکیورٹی گارڈز میں سے 2 کی شناخت رشید اور ظہور کے نام سے ہوئی ہے۔اس کے علاہ انور، علی رضا اور جاوید نامی افراد کے ساتھ ساتھ ایک نامعلوم شخص زخمی بھی ہوا، جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

قبلِ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق 4 دہشت گردوں نے زبردستی پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، ہوٹل کے مرکزی گیٹ پر گارڈ نے دہشت گردوں کو روکا تو انہوں نے فائرنگ کرکے گارڈ شہید کر دیا۔بیان میں کہا گیا کہ فورسز نے ہوٹل کو گھیرے میں لے کر اندر موجود افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا، دہشت گردوں کی ہوٹل کی بالائی منزل پر جانے کی کوشش ناکام بنادی گئی جبکہ آخری اطلاعات تک کلیئرنس آپریشن جاری تھا۔

ہوٹل میں کوئی غیر ملکی موجود نہیں، پولیس
واقعے کے دوران ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او گوادر اسلم بنگلزئی کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں 4 بج کر 50 منٹ پر یہ اطلاع ملی کہ 3 سے 4 دہشت گرد پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں داخل ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے’۔انہوں نے واضح کیا تھا کہ ’اس وقت نجی ہوٹل میں کوئی غیر ملکی موجود نہیں تھا‘۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں ایف سی، پولیس اور لیویز فورس نے حصہ لیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہوٹل میں موجود کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے۔انہوں نے اس وقت ہوٹل میں موجود اسٹاف کی تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تھا جبکہ یہ کہا تھا کہ ریسکیو کیے گئے افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ‏جبکہ صورتحال واضح ہونے پر مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کیے گئے آپریشن میں نیول کمانڈوز اور تھرٹی ون بریگیڈ بھی شامل تھا جبکہ اس دوران پاک بحریہ کا ہیلی کاپٹر عمارت کا فضائی جائزہ لیتا رہا۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے بھی ہوٹل میں کسی غیر ملکی کے موجود نہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘2 سے 3 حملہ آروں نے پہلے فائرنگ کی اور پھر ہوٹل کے اندر داخل ہوئے’۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں پاک فوج کو طلب کیا گیا جبکہ ہوٹل سے لوگوں کا انخلا 95 فیصد مکمل ہوگیا اور صرف ہوٹل کا عملہ اندر موجود تھا’۔انہوں نے کہا تھا کہ ان کے خیال میں حملہ آور کشتی کے ذریعے ہوٹل میں حملہ کے لیے آئے تھے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گوادر کے ہوٹل میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہوٹل میں موجود تمام افراد کے تحفظ کو یقینی بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف بہترین حکمت عملی کے ساتھ پوری قوت سے کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔بعد ازاں حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔

چین کی مذمت
چین نے گوادر میں ہوٹل پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک-فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دلیرانہ کارروائی قابل تحسین ہے۔ترجمان چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ پاک-فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جرات مندانہ اقدام کو سراہتے ہیں اور حملے میں شہید سیکیورٹی گارڈ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

گوادر میں پرل کانٹیننٹل ہوٹل، مغربی خلیج کے جنوب میں فِش ہاربر روڈ پر کوہ باطل پہاڑی پر واقع ہے جبکہ ہوٹل میں اکثر کاروباری افراد اور سیر و تفریح کے غرض سے گوادر آنے والے افراد قیام کرتے ہیں۔واضح رہے کہ یہ حملہ 8 اپریل کو گوادر میں اورماڑہ کے قریب پاک-بحریہ، فضائیہ اور کوسٹ گارڈ کے 14 اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کے تقریباً ایک ماہ بعد کیا گیا۔

مذکورہ کارروائی کے حوالے سے آئی جی بلوچستان محسن حسن بٹ نے بتایا تھا کہ بزی ٹاپ کے علاقے میں رات 12.30 سے ایک بجے کے درمیان تقریباً 15 سے 20 مسلح افراد نے کراچی سے گوادر آنے اور جانے والی متعدد بسوں کو روک کر اس میں موجود مسافروں کے شناختی کارڈ دیکھے اور انہیں گاڑی سے اتار کر قتل کردیا۔ابتدا میں شہید ہونے والے مسافروں کی شناخت نہیں ہوسکی تھی تاہم بعد ازاں حکام کی جانب سے آگاہ کیا گیا تھا تمام شہید افراد کا تعلق سیکیورٹی اداروں سے تھا۔

چین، دیگر ممالک سے روابط بڑھانے اور تجارتی مقاصد کے لیے پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر گوادر کی بندرگاہ تعمیر کر رہا ہے، اس مقصد کے لیے وہ 2015 میں پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے نام سے سامنے آنے والے میگا منصوبے کے تحت پاکستان میں تقریباً 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت چین کے دور دراز مغربی صوبے سنکیانگ کو بلوچستان میں گوادر کی بندرگاہ سے جوڑا جائے گا جبکہ اس میں انفراسٹرکچر، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے متعدد منصوبے بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں میں سیکیورٹی اداروں نے بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔تاہم شرپسند عناصر تخریبی کارروائیوں کی کوشش میں کامیاب ہوجاتے ہیں، پاک-چین اقتصادی راہداری میں بلوچستان کے اہم کردار کی وجہ سے حکام دیگر ممالک کے خفیہ اداروں پر حالات خراب کرنے کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

اس حوالے سے صوبائی حکومت متعدد مرتبہ یہ دعویٰ کرچکی ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘، افغانستان کی خفیہ ایجنسی ’این ڈی ایس‘ کے ساتھ مل کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

گزشتہ برس بھی دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان عسکریت پسندی سے سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں حملوں کی تعداد 99 رہی جس کے نتیجے میں 354 افراد جاں بحق ہوئے اور زخمیوں کی کثیر تعداد یعنی 570 رہی، اس طرح ملک میں ہونے والے مجموعی حملوں میں سے 61 فیصد حملے بلوچستان میں ہوئے جبکہ اموات کی تعداد پورے ملک کے مقابلے میں 59 فیصد رہی۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …