جمعرات , 15 اپریل 2021

ماں تیری عظمت کو سلام ، ماؤں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماں سے اپنی محبت کے اظہار کا دن منایا جارہا ہے، جس کا مقصد ماؤں کی عظمت کا اعتراف اورانہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں ماؤں سے محبت اوران کے احترام کو فروغ دینا ہے مگربہت سی مائیں ایسی بھی ہیں جوناخلف اولاد کی نافرمانی کی وجہ سے اپنی زندگی اولڈ ہاؤس میں گزارنے پر مجبور ہیں۔اس عظیم دن کی مناسبت سے گوگل نے بھی ماں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا ہے۔

یاد رہے کہ ماؤں کے عالمی دن منانے کی تاریخ بہت قدیم ہے اور اس کا سب سے پہلے یونانی تہذیب میں سراغ ملتا ہے جہاں تمام دیوتاوں کی ماں ”گرہیا دیوی“ کے اعزاز میں یہ دن منایا جاتا تھا۔ماؤں کا دن ہر سال یہ دن مختلف ممالک میں منایا جاتا ہے، عالمی طور پر اس کی کوئی ایک متفقہ تاریخ نہیں، یہ دن مختلف ممالک میں مختلف تاریخوں کو منایا جاتا ہے۔ پاکستان اور اطالیہ سمیت اکثر ممالک یہ دن مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے اور کئی ایسے ممالک بھی ہیں جو یہ دن جنوری ،مارچ ،نومبر یا اکتوبر میں مناتے ہیں۔

سولہویں صدی میں ایسٹر سے 40 روز پہلے انگلستان میں ایک دن ”مدرنگ سنڈے“ کے نام سے موسوم تھا۔ امریکہ میں مدرز ڈے کا آغاز 1872ء میں ہوا۔سن 1907ء میں فلاڈیفیا کی اینا جاروس نے اسے قومی دن کے طور پر منانے کی تحریک چلائی جو بالآخر کامیاب ہوئی اور 1911ء میں امریکہ کی ایک ریاست میں یہ دن منایا گیا۔

ان کوششوں کے نتیجے میں 8 مئی 1914ء کو امریکہ کے صدر ووڈرو ولسن نے مئی کے دوسرے اتوار کو سرکاری طورپر ماؤں کا دن قراردیا، اب دنیا بھر میں ہرسال مئی کے دوسرے اتوار کو یہ دن منایا جاتا ہے۔

پاکستان میں اس دن کے حوالے سے لوگ دوطبقوں میں تقسیم نظرآتے ہیں، ایک وہ جو اس دن کو ماؤں کی عظمت کے لیے اہم قرار دیتے ہیں، جبکہ دوسرے طبقے کا کہنا ہے کہ ماؤں سے محبت کے لیے ایک دن مختص کرنے کا کیا جواز جبکہ ماں جیسی عظیم ہستی ہمیشہ محبت وتکریم کے لائق ہے۔

ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر ہمیںیہ یادرکھنا چاہیے کہ والدین ایک سائے کی طرح ہیں جن کی ٹھنڈک کا احساس ہمیں اس وقت تک نہیں ہوتا جب تک یہ سایہ سر پر موجود رہتا ہے، جونہی یہ سایہ اُٹھ جاتا ہے تب پتہ چلتاہے کہ ہم کیا کھو بیٹھے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

میانمار مظاہرین کے جلوس جنازہ پر فوج کی فائرنگ

میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں اور مظاہرین پر فوج کی فائرنگ کا سلسلہ …