منگل , 13 اپریل 2021

’گوادر حملہ پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے‘عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل پر ہونے والا حملہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا گیا۔وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسی مذموم کارروائیاں بالخصوص بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے اس علاقے کی ترقی اور یہاں جاری منصوبوں کو ناکام کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے دہشت گردوں کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔دوسری جانب پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے بھی گوادر ہوٹل حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں چینی سفارتخانے نے گوادر میں ہوٹل پر ہونے والے حملے کو پسپا کرنے کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دلیرانہ کارروائی قابل تحسین قرار دیا۔ترجمان چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جرات مندانہ اقدام کو سراہتے ہیں اور حملے میں شہید سیکیورٹی گارڈ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل ’پرل کانٹیننٹل‘ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی گارڈز شہید اور 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک مارے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور سیکیورٹی فورسز کی وردیوں میں ملبوس تھے، جنہوں نے پہلے مرکزی گیٹ پر موجود سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کرکے قتل کیا، پھر ہوٹل میں داخل ہوئے اور وہاں موجود لوگوں کو یرغمال بنالیا۔دریں اثنا ہوٹل کی سیکیورٹی پر مامور گارڈز کی جانب سے مزاحمت دیکھنے میں آئی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے 3 سیکیورٹی گارڈز میں سے 2 کی شناخت رشید اور ظہور کے نام سے ہوئی ہے۔اس کے علاہ انور، علی رضا اور جاوید نامی افراد کے ساتھ ساتھ ایک نامعلوم شخص زخمی بھی ہوا، جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …