منگل , 25 جون 2019

ایٹمی معاہدے کے بارے میں یورپی وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ یورپی یونین ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کو جاری رکھنے کی راہوں کا جائزہ لینے پر زور دیتی ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ اپنے دورہ روس کا پروگرام تبدیل کرکے ایران کے بارے میں برسلز میں یورپی حکام کے اجلاس میں شرکت کے لئے بیلجیئم روانہ ہو گئے ہیں۔

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی ممالک بدستور ایٹمی معاہدے کی حمایت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کو جاری رکھنے کی راہوں کا جائزہ لینے پر زور دیتی ہے-

انہوں نے برسلز میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ سے ملاقات سے قبل کہا کہ یورپی ملکوں کو چاہئے جتنا ہو سکے وہ ایٹمی معاہدے کی حمایت میں اپنے سبھی وسائل کو بروئے کار لائیں اور مکمل طور پر سیاسی عزم کا اظہار کریں-

فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایران کے ساتھ کشیدگی کو ہوا دینے سے گریز کیا جائے- ان کا کہنا تھا کہ برسلز میں پیر کو ہونے والے اجلاس میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے طریقوں پر بات چیت ہو گی-ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی بعض شقوں پر عمل درآمد کو روک دینے اور یورپ کو ساٹھ روز کی مہلت دیئے جانے کے اعلان کے بعد یورپی ملکوں کا یہ پہلا اجلاس ہے-

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ موگرینی نے امریکی وزیر خارجہ کے اچانک دورہ برسلز اور یورپی حکام سے ان کی ملاقات کے بارے میں کہا کہ یورپی حکم کو بھی اتوار کی رات اس اجلاس کے بارے میں اطلاع ملی ہے-ایران کے حالیہ فیصلے پر فرانس جرمنی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ فیڈریکا موگرینی کی پیر کی ملاقات اور اجلاس ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب امریکی وزیر خارجہ اپنا دورہ روس اچانک مختصر کر کے برسلز روانہ ہو گئے ہیں تاکہ وہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں-

رویٹرز کے مطابق امریکی وزارت خارجہ میں ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ مائیک پمپیئو نے اپنے دورہ روس کا پروگرام تبدیل کر دیا ہے تاکہ وہ برسلز میں یورپی وزرائے خارجہ سے مذاکرات کے لئے پہنچ سکیں-امریکی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے کہا کہ اگرچہ امریکی وزیرخارجہ نے اپنا دورہ روس منسوخ کر دیا لیکن منگل کو وہ سوچی میں اپنے روسی ہم منصب لاوروف اور روسی صدر پوتن سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے-

یہ بھی دیکھیں

قطر کا پاکستان میں 3 ارب قطری ریال کی سرمایہ کاری کا اعلان

دوحہ: قطر نے پاکستان میں 3 ارب قطری ریال کی سرمایہ کاری اعلان کیا ہے۔قطر …