جمعرات , 23 مئی 2019

سہ فریقی سیریز: ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر بنگلہ دیش فائنل میں پہنچ گیا

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش نے مستفیض الرحمٰن کی شان دار باؤلنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو سہ فریقی سیریز کے ایک اہم میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بنگلہ دیشی باؤلرز نے ان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔

گزشتہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہر کرنے والے اوپنر سنیل ایمبریس جارحانہ 23 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کو 39 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا لیکن بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے انہیں جلد آؤٹ کرکے ان کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔مہدی حسن میراز نے ڈیرن براوو کو صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد نشانہ بنایا لیکن شے ہوپ نے دوسرے اینڈ سے ذمہ دارانہ بلےبازی جاری رکھی اور تیسری وکٹ میں روسٹن چیز کے کے ساتھ مل کر اسکور کو 89 رنز تک پہنچایا تھا کہ مستفیض الرحمٰن نے چیز کو پویلین بھیج دیا۔

ویسٹ انڈیز کی چوتھی وکٹ بھی مستفیض نے حاصل کی جب کارٹر 3 رنز کا اضافہ کرکے 99 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تاہم اس کے بعد کپتان ہولڈر نے ہوپ کے ساتھ 100 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔

ہوپ 87 رنز بنا کر مستفیض الرحمٰن کی وکٹ بنے جس کے بعد صرف 8 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ مشرفی مرتضیٰ نے ہولڈر کو آوٹ کردیا، دونوں تجربہ کار بلے بازوں کے آؤٹ ہوتے ہی ویسٹ انڈیز کے آخری بلے باز مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 247 رنز بنا سکے۔بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کی اور مشرفی مرتضیٰ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 54 رنز میں تمیم اقبال کی صورت گری جو 21 رنز بنا سکے تاہم شکیب الحسن نے دوسری وکٹ میں سومیا سرکار کا ساتھ دیا اور اسکور 106 تک لے گئے دونوں بلے باز 107 کے مجموعے پر آوٹ ہوچکے تھے جنہوں نے بالترتیب 29 اور54 رنز بنائے۔مشفق الرحیم نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد متھن کے ساتھ چوتھی وکٹ میں 83 رنز کا اضافہ کیا، متھن 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کا اسکور 47 ویں اوور میں 240 رنز تک پہنچا تھا کہ مشفق الرحیم 63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تاہم محموداللہ نے 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 248 رنز کر دیا اور فتح حاصل کرلی۔مستفیض الرحمٰن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ ہی بنگلہ دیش پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور فائنل میں جگہ بنالی ہے، دوسرے نمبر ویسٹ انڈیز ہے جس کے 9 پوائنٹس ہیں جبکہ میزبان آئرلیند کے صرف 2 پوائنٹس ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقی ویمن نے پاکستانی ٹیم کو شکست دیدی

جوہانسبرگ (مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقی ویمن نے پاکستانی ویمن کو …