ہفتہ , 20 اپریل 2024

واٹس ایپ ہیک ہونے کی تصدیق، اسرائیلی کمپنی پر الزام

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)واٹس ایپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایک اسرائیلی کمپنی نے اس کی ایپ کی سیکیورٹی کی ایک بڑی خامی کا فائدہ اٹھا کر صارفین کے فونز اور دیگر ڈیوائسز کے پیغامات اور دیگر معلومات تک رسائی حاصل کی۔فیس بک کی ملکیتی کمپنی واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس حملے کا نشانہ مخصوص صارفین تھے تاہم اس معاملے کو گزشتہ جمعے کو حل کیا جا چکا ہے۔

فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ اسرائیلی سیکیورٹی فرم این ایس او گروپ نے کیا یہی وجہ ہے کہ گزشتہ ہفتے واٹس ایپ نے اپنے ڈیڑھ ارب صارفین کو ایپ کو احتیاطی تدبیر کے طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی۔

حفاظتی نظام میں خامی حملے کا سبب بنی؟
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حملہ آوروں نے مخصوص صارفین کی ڈیوائسز پر نگرانی کا سافٹ وئیر انسٹال کرنے کے لیے واٹس ایپ وائس کالنگ فیچر کو استعمال کیا لیکن اہم بات یہ ہے کہ کال کے جواب نہ دینے کی صورت میں بھی سافٹ وئیر ڈیوائسز پر انسٹال ہو سکتا تھا اور اس قسم کی کال ڈیوائس کی کال ہسٹری سے بھی غائب ہو جاتی تھی۔

واٹس ایپ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی سیکیورٹی ٹیم نے سب سے پہلے اس خامی کو پکڑا اور یہ معلومات انسانی حقوق کی تنظیموں، منتخب شدہ سیکیورٹی وینڈرز اور امریکی محکمہ انصاف سے رواں مہینے شیئر کیں۔

این ایس او کا سافٹ وئیر "پیگاسز” کسی بھی ڈیوائس سے ڈیٹا لے سکتا ہے جس میں مائیکرو فون، کیمرہ کا استعمال اور لوکیشن بھی شامل ہے۔اسرائیلی کمپنی این ایس او کا کہنا ہے کہ اس کا سافٹ وئیر صرف حکومتی ایجنسیاں ہی جرائم اور دہشت گردی کے خلاف استعمال کرنے کا حق رکھتی ہیں۔

کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ وہ خود یہ سسٹم استعمال نہیں کرتی اور بہت سی انتظامی تصدیق کے بعد عوامی مفاد میں کیے جانے والے مشنز میں اس کے استعمال کی اجازت دی جاتی ہے اور ضررورت محسوس ہونے پر ضروری کاروائی کی جائے گی جس میں سسٹم کو مکمل طور پر بند کر دینا بھی شامل ہے۔واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ حملے پہلے سے طے شدہ اہداف پر کیے گئے تھے، لیکن اس سلسلے میں یہ بتانا مشکل ہے کہ کتنے لوگ اس کی زد میں آئے۔

یہ بھی دیکھیں

لکڑی سے بنا دنیا کا پہلا سیٹلائیٹ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا

کیوٹو: امریکی خلائی ادارہ ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے ای ایکس اے) …