جمعہ , 19 اپریل 2024

امریکا میں آئی ٹی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک بھر کے کمپیوٹر نیٹ ورکس کو غیر ملکی کمپنیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے آئی ٹی ایمرجنسی نافذ کر دی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر کے آئی ٹی ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا جس کا مقصد امریکی کمپنیوں کو غیر ملکی ٹیلی کام کمپنیوں کے استعمال سے روکنا ہے جو ان کے خیال میں ایک بڑا سیکیورٹی رسک ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق صدارتی حکم نامے میں کسی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم ممکنہ طور پر اس کا ہدف چینی فرم ہواوے ہے۔ہواوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کے کاروبار پر پابندیاں عائد کرنے سے امریکی صارفین اور کمپنیاں ہی متاثر ہوں گی۔

متعدد ممالک کی جانب سے حالیہ مہینوں میں ان خدشات کا اظہار کیا جا چکا ہے کہ چین ہواوے کی پراڈکٹس بطور جاسوسی استعمال کر رہا ہے تاہم ہواوے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر چکی ہے۔

دوسری جانب امریکا اپنے اتحادیوں پر دباؤ بڑھا رہا ہے کہ ’نیکسٹ جنریشن فائیو جی‘ موبائل نیٹ ورکس میں ہواوے کے استعمال سے بچا جائے۔اسی تناظر میں امریکا کے محکمہ کامرس نے ہواوے کو ’اینٹٹی لسٹ‘ میں شامل کر دیا ہے یعنی کمپنی حکومتی اجازت کے بغیر امریکی فرمز سے ٹیکنالوجی کا تبادلہ نہیں کر سکتی۔

امریکا کے ان اقدامات کے بعد بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان ایک دوسرے پر لگائے جانے والے ٹیکسز کے حوالے سے جاری کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں چین پر تجارتی معاہدہ توڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …