جمعرات , 27 جون 2019

عید کے بعد (ن) لیگ کا عوامی رابطہ مہم چلانے کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں مہنگائی، بیروزگاری اور کاشتکاروں کے مسائل کے خلاف مسلم لیگ (ن) نے عید الفطر کے بعد ملک گیر عوامی رابطہ مہم چلانے کا اعلان کردیا۔مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔اجلاس میں مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت دیگر لیگی رہنماؤں نے شرکت کی، جبکہ صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے لندن سے بذریعہ ٹیلی فون اجلاس کے شرکا سے خطاب کیا۔اجلاس میں ملکی سیاست، معیشت، مہنگائی، ڈالر کی اونچی اڑان اور نیب کارروائیوں سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ‘اجلاس میں چند مطالبات سامنے آئے جو ہم چاہتے ہیں کہ حکومت بجٹ میں شامل کرے اور عوام کے بھی سامنے لائے۔’انہوں نے کہا کہ ‘مہنگائی کو سامنے رکھتے ہوئے کم از کم اجرت 20 ہزار روپے کی جائے، بجلی اور گیس کے نرخ 31 مئی 2018 کی سطح پر واپس لائے جائیں کیونکہ نرخ بڑھانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔’

شاہد خاقان عباس کا کہنا تھا کہ ‘ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ یوریا اور ڈی اے پی قیمتیں بھی مئی 2018 کی سطح پر واپس لائی جائیں کیونکہ اس سے کاشتکار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوؐ میں غیر معمولی اضافہ واپس لیا جائے اور انہیں اس سطح پر لایا جائے جو قابل برداشت ہو، آنے والے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے اور کسی ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘حکومتی پالیسیاں ملک دشمن ہیں، مہنگائی کے خلاف عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے، جبکہ نیب احتساب نہیں انتقام لے رہا ہے۔’ان کا کہنا تھا کہ ‘ملک میں گھبرانے کا وقت آ چکا ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے یا نہ آنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔’

یہ بھی دیکھیں

نواز شریف کو ریلیف دینے کیلئے کسی بھی ملک نے بات نہیں کی، عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں زیرحراست سابق …