ہفتہ , 20 اپریل 2024

’ آج معیشت کی تباہی میں نیب کا بہت بڑا حصہ ہے‘،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کے حالیہ انٹرویو پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کا ملک میں ایک ہی مقصد ہے اور وہ ہے سیاست دان کو بدنام کرنا۔اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک تجزیہ کار نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کے ساتھ انتہائی سنجیدہ گفتگو کی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مذکورہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کا کہنا تھا مجھ پر بہت دباؤ ہے اور انہوں نے خصوصی طور پر شہباز شریف سے متعلق باتیں کیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے انٹرویو کا کیا مقصد ہے؟ عیاں ہوگیا ہے اور الزام لگایا کہ جھوٹ جو بھی بول رہا ہے اس کا مقصد صرف سیاستدانوں کو بدنام کرنا ہے، چیئرمین نیب نے جو باتیں کہیں وہ کبھی نہیں ہوئی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب میں 3500کیسز چل رہے ہیں، کسی کا فیصلہ نہیں ہورہا، صرف سیاستدانوں کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نیب نے بیوروکریسی کو مفلوج کردیا ہے اور ساتھ ہی کہا کہ کردار کشی کا سلسلہ ختم نہیں ہوا۔انہوں نے آصف علی زرداری کے بیان کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ آج معیشت کی تباہی میں نیب کا بہت بڑا حصہ ہے، ہمارا کوئی ذاتی مقصد ہے نہ ہی نیب سے ریلیف چاہیے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب نے کہا کہ شہباز شریف نے ان سے رابطہ کیا اور کیسز ختم ہونے پر سیاست سے ریٹائرمنٹ لینے کا کہا جبکہ شہباز شریف کی چیئرمین نیب سے کوئی ملاقات بالواسطہ اور بلا واسطہ نہیں ہوئی۔انہوں نے چیئرمین نیب کے ان دعوؤں کو بھی مسترد کیا جن میں ان کا کہنا تھا کہ ایسی ہی ڈیل نواز شریف بھی آفر کررہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے انٹرویو کا مقصد اگر سیاست کو بدنام کرنا تھا تو وہ مقصد پورا ہوگیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گرفتار بیوروکریٹ فواد حسن فواد پر سفارش کروانے کا مقدمہ ہے، یہ وہ بیوروکریٹس ہیں، جنہوں نے ملک کو بجلی دی اور فائدہ پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ علیم خان کی ضمانت ہوجاتی ہے جبکہ فواد حسن فواد اور احد چیمہ کی ضمانت نہیں ہوتی۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 16 مئی کے بعد چیئرمین نیب کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران دیا جانے والا بیان بھی مبہم تھا، جس کے بارے میں کہا گیا کہ چیئرمین نیب کے بیان کو ٹھیک طرح پیش نہیں کیا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ معذرت کے ساتھ نیب غیر جانبدار نہیں، اس ادارے کو بنانے کا مقصد سیاست اور سیاستدانوں کو توڑنا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …