ہفتہ , 20 اپریل 2024

خیبرپختونخوا: تھائی لینڈ کی طرز پر ٹورازم پولیسنگ شروع کرنےکا فیصلہ

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) ڈاکٹر نعیم خان نے اگلے برس سے تھائی لینڈ کی طرز پر ٹورازم پولیس چلانے کا عندیہ دے دیا۔ہزارہ ڈویژن کے 3 روزہ سرکاری دورے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نعیم خان نے واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ پر توجہ دی جارہی ہے اور موٹروے پولیس اور تھائی لینڈ پولیس کے خصوصی ٹرینر کے تعاون سے ٹورازم پولیس کو تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ’خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور وزیر سیاحت و کھیل ہزارہ کے سیاحتی علاقے گلیات اور ناران کاغان میں مختلف اقدامات اٹھارہے ہیں‘۔آئی جی پی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ’اگلے سال سے ٹورازم پولیس کا آغاز ہوگا اور انہیں نئی وردیاں بھی فراہم کی جائیں گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مقامی ثقافت سے متعلق آگاہی اور سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات سمیت خصوصی ٹریننگ دی جائے گی‘۔آئی جی پنجاب نے مختلف رینکس کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پولیس اسٹیشن میں آنے والے ہر شخص کی شکایت پر توجہ دیں کیونکہ بہترشنوائی اور رویے سے شکایت کنندہ کے دکھوں کا کسی حد تک مداوا ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی پولیس نے گزشتہ 5 برس میں بہت بہتر نتائج حاصل کیے تاہم اب وقت ہے کہ پولیس اعلیٰ پیشہ وارانہ قابلیت بھی حاصل کرے۔ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کی وجہ سے ہزارہ کی اہمیت غیرمعمولی ہے اور چینیوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کے لیے خصوصی دستے بھی تعینات کیے جائیں گے۔آئی جی پی نے کہا کہ ’ضلع ہزارہ کو سی پیک سے بہت فائدہ ہوگا‘۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …