جمعہ , 19 اپریل 2024

غاصب صیہونی حکومت کا زوال یقینی ہے،اراکین پارلیمنٹ ایران

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کی پارلیمنٹ کے اراکین نے عالمی یوم قدس کی آمد پر تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے اور سرانجام اس غاصب حکومت کا زوال یقینی ہے۔ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اراکین نے اتوار کے روز ایک بیان میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مزاحمتی محاذ جو اس وقت ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے، غاصب صیہونی حکومت کی بساط لپیٹ کر رکھ دے گا۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سینچری ڈیل کا سیاسی و تشہیراتی منصوبہ، امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منقتلی، جولان پر اسرائیل کی حکمرانی کو قبول کیا جانا اور ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کیا جانا، ایسی شرمناک کوششیں ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔

ایران کے پارلیمانی اراکین نے فلسطین کے مظلوم عوام کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے اس یقین کا اظہار کیا کہ مسلمان جلد ہی مسجد الاقصی میں متحدہ طور پر نماز ادا کریں گے۔ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں سینچری ڈیل نامی امریکی و صیہونی منصوبے کو پستی و خیانت کا مظہر قرار دیا۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے عالمی یوم قدس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال میں فلسطین کے سلسلے میں مستکبرین کی جانب سے شیطانی سرگرمیاں جاری ہیں اور ان سرگرمیوں کے تعلق سے مکمل طور پر ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ بحرین میں فلسطین مخالف کانفرنس کا انعقاد، ان تمام ملکوں کے لئے باعث شرم ہے جو اس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

بحرین کانفرنس، سینچری ڈیل منصوبے پر عمل کا پہلا مرحلہ ہو گا اور یہ کانفرنس پچّیس اور چھبیّس جون کو منامہ میں منعقد ہو گی۔ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ عالمی یوم قدس کے موقع پر پوری دنیا کے حریت پسند فلسطینی قوم کے خلاف مستکبرین کے جرائم کا منھ توڑ جواب دیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کے اعلان پر ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعے یعنی جمعت الوداع کو عالمی یوم قدس منایا جاتا ہے جس دن پوری دنیا کے حریت پسندوں اور خاص طور سے مسلمانوں کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں کی بھرپور حمایت اور غاصب صیہونی حکومت سے نفرت و بیزاری کا اظہار کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ اس سال عالمی یوم قدس جمعہ اکتّیس مئی مطابق پچیس ماہ مبارک رمضان کو منایا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …