بدھ , 17 جولائی 2019

پاکستان میں پہلی بار 4 آبدوزیں تیار کرنے پر کام جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی شپ یارڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کو بتایا کہ پاکستان تاریخ میں پہلی بار 4 آبدوزیں تیار کرنے جا رہا ہے، شپ لفٹ ٹرانسفر سہولت کے سول ورک پر 3.95 ارب خرچ ہو رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی شپ یارڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں گودی، مزدوری، المونیم اور دیگر کام سستا ہے۔ کراچی شپ یارڈ انتہائی محنت سے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان تاریخ میں پہلی بار 4 آبدوزیں تیار کرنے جا رہا ہے، شپ لفٹ ٹرانسفر سہولت کے سول ورک پر 3.95 ارب خرچ ہو رہے ہیں۔ پلیٹ فارم پر ناروے کی مدد سے 29.72 ملین ڈالر کی لاگت پر کام کر رہے ہیں۔

ایم ڈی کا کہنا تھا کہ شپ یارڈ پلیٹ فارم خود تیار کرے گا، 29.72 ملین ڈالر واپس مل جائیں گے۔ سنہ 2009 میں ایف 22 فریگیٹس کے لیے پلیٹ فارم اور کرینز کو بہتر بنایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ شپ یارڈ میں بہتری کے منصوبے کے تحت 5.86 ارب خرچ ہوں گے، تاحال 2.74 ارب روپے منظوری دی گئی۔

سینیٹر نعمان وزیر نے پوچھا کہ کراچی شپ یارڈ اسٹیل درآمد کرتا ہے، مقامی صنعت سے کیوں نہیں لیتا؟ جس پر ایم ڈی نے بتایا کہ مقامی صنعت سے بات کی، مخصوص موٹائی کی اسٹیل شیٹ مہنگی پڑتی ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گوادر شپ یارڈ 750 ایکڑ زمین اور 4 کلو میٹر سمندر کی جانب تعمیر ہوگا۔ منصوبے کے انتظامی سیل کے لیے 20 کروڑ جاری ہو چکے ہیں۔ عمان نے دوقم بندرگاہ پر 4 اور 5 لاکھ ٹن کی دو گودیاں شروع کی ہیں۔ایم ڈی کا کہنا تھا کہ گوادر کی بندرگاہ پر سالانہ 3 ہزار سے زیادہ بحری جہاز آئیں گے، گوادر شپ یارڈ میں بھی دو گودیاں بنیں گی، 5 لاکھ ٹن تک جہاز آسکیں گے۔

نعمان وزیر نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت وہ قانونی دستاویز ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، اس حوالے سے معاہدہ کیوں نہیں کیا جا رہا جس پر وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی منظوری پر معاہدہ کیا جائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

زلزلہ متاثرین کیلئے 8 کروڑ کا چیک شہباز شریف کے داماد کو دیا گیا: فردوس عاشق

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ زلزلہ …