جمعہ , 19 اپریل 2024

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچ گئے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی )کی وزرائےخارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچ گئے ہیں۔او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس 29مئی کو ہوگا۔ اس اجلاس میں باہمی مشاورت سے اسلامی سربراہی کانفرنس کے مسودہ “مکہ اعلامیہ” کو حتمی شکل دی جائے گی۔

جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ کے رائل ٹرمینل پر سعودی وزارت خارجہ کے چیف آف پروٹوکول جمال ناصر، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر راجہ علی اعجاز اور جدہ قونصلیٹ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا استقبال کیا، اس موقع پر سعودی رائل پروٹوکول کے حکام بھی موجود تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی او آئی سی ممالک کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔سربراہی کانفرنس کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے کشمیر کا اجلاس بھی متوقع ہے جو کہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔کشمیر گروپ کے اجلاس میں کشمیر کی جاری صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس اجلاس میں کشمیر کے حقیقی نمائندے، رابطہ گروپ کو کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے۔
سعودی عرب روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں جہاں او آئی سی سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ اجلاس اس لیے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے کہ اس اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک نیا امن منصوبہ جس کا تذکرہ ہو رہا ہے اس پر بات چیت ہوگی، ایران کی صورتحال ،جس میں کشیدگی اور تناؤ بڑھ رہا ہے اس حوالے سے بھی گفتگو کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں اپنا نکتہ نظر پیش کریگا۔ اس کے علاوہ سائیڈ لائنز پر میری ملاقاتیں کچھ وزرائے خارجہ کے ساتھ بھی طے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی انکی ملاقات ہو گی۔انہوں نے کہا کہ سمٹ لیول میٹنگ کے لئے وزیر اعظم بھی تشریف لے جائیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …