جمعرات , 18 اپریل 2024

چیئرمین نیب کی موجودگی میں تحقیقات غیرجانبدار نہیں ہوسکتیں، حمزہ شہباز

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیش ہونے سے معذرت کرتے ہوئے تحریری جواب میں بیورو پر اعتماد نہ ہونے کا اظہار کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے بیورو کے غیر جانبدار ہونے پر کوئی بھروسہ نہیں اور میں نیب چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی صدارت میں ہونے والی تحقیقات پر بالکل اعتماد نہیں کرتا’۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ‘ماضی میں بھی متعدد وجوہات پر مجھے بیورو کی کارروائی پر تحفظات تھے اور یہ تحفظات نیب چیئرمین کے نامور صحافی کو دیے گئے انٹرویو سے ثابت ہوگئے ہیں’۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ‘انٹرویو کے مواد سے یہ غیر جانبدار تحقیقاتی ایجنسی کے بیانیے کے بجائے موجودہ حکومت کا سیاسی بیانیہ لگ رہا تھا’۔

انہوں نے واضح کیا کہ خط میں حالیہ طلبی کے نوٹس میں بھی اس ہی طرح کے سوالات کیے گئے تھے جن کا انہوں نے پہلے ہی جواب دے رکھا ہے۔ایک روز قبل حمزہ شہباز نے لاہور ہائی کورٹ میں ان کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے سامنے نیب چیئرمین کے متنازع انٹرویو کے بارے میں تحفظات پیش کیے تھے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیب سے متعلق کیسز کی سماعت کرنے والا بینچ تبدیل کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چیئر مین نیب نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ حمزہ شہباز کو ضمانت کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے اور انہیں جلد گرفتار کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ ‘چیئرمین نیب نے ضمانت کی کارروائی کو متنازع بنادیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ بینچ تبدیل کردیا گیا ہے’۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …