جمعرات , 25 اپریل 2024

بھارت :مودی نے دوسری مدت کیلئے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں لوک سبھا (ایوان زیریں) کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کامیابی کے بعد نریندر مودی نے دوسری مدت کے لیے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے پی’ کے مطابق بھارت کے صدر رام ناتھ کووِند نے نریندر مودی اور ان کی کابینہ کے وزرا سے حلف لیا۔نئی کابینہ میں سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کو حصہ نہیں بنایا گیا ہے جبکہ خرابی صحت کے باعث سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بھی کابینہ میں شامل ہونے سے معذرت کر لی تھی۔

نریندر مودی کی نئی کابینہ میں شامل ہونے والے نئے اراکین میں 2014 سے بی جے پی کے سربراہ امیت شامل ہیں، جبکہ وزرا کے قلمدانوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ لوک سبھا کے حالیہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 542 کے ایوان میں سے 303 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی تھی۔تاہم انہیں گراوٹ کی شکار معیشت، بیروزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح اور زرعی اجناس کی کم قیمتوں سمیت کئی مشکل چیلنجز کا سامنا ہے۔

صدارتی محل میں نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں انتخابات میں 52 نشستیں جیتنے والی اپوزیشن جماعت کانگریس کی سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے بھی شرکت کی۔حلف برداری کی تقریب میں جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے سربراہان بھی شریک تھے۔ان رہنماؤں میں تھائی لینڈ کے سفیر، کرغزستان کے صدر، بنگلہ دیش کے صدر محمد عبدالحامد، سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا، موریشس کے صدر، نیپال کے وزیر اعظم، بھوٹان کے وزیر اعظم اور میانمار کے صدر شامل تھے۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …