ہفتہ , 20 اپریل 2024

نئی بھارتی کابینہ کی تشکیل : وزراء نے قلمدان سنبھال لیے

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی کے بعد نئی کابینہ تشکیل دے دی جس میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نریندر مودی نے دوسری مدت کے لیے وزیر اعظم کا حلف گزشتہ روز اٹھایا تھا۔دوسری مدت کے لیے نومنتخب بھارتی وزیراعظم نے قریبی ساتھی امیت شاہ کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپ دیا۔این ڈی ٹی وی میں شائع رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے رہنما راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔

بھارتی تاریخ میں وزارت خزانہ کا قلمدان پہلی مرتبہ خاتون سیاستدان نرملا سیتا رمن کو سونپا گیا جبکہ گزشتہ دور حکومت میں نرملا سیتا رمن کے پاس وزارت دفاع کا قلمدان تھا۔بی جے پی کی قیادت نے سابق سفارتکار ایس جے شنکر کو وزیر خارجہ کا قلمدان تفویض کیا ہے۔وزارت روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کا قلمدان کا قرعہ نتن گڈکاری کے نام نکلا۔

کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی کے مقابلے میں ناقابل یقین کامیابی حاصل کرنے والی سمرتی ایرانی کو وزیر وومن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ بنایا گیا ہے۔روی شنکر پرداس کو وزارت قانون، وزارت اطلاعات اور وزارت الیکڑونکس اینڈ انفارمیشن کے قلمدان سونپے گئے۔بی جے پی کے مسلمان رہنما مختار عباس نقوی کو وزیر اقلیتی امور مقرر کیا گیا۔خیال رہے کہ بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی کو واضح برتری حاصل رہی۔

حیرت کی بات ہے کہ بی جے پی کا ایک بھی مسلم امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا تاہم مجموعی طور پر 22 مسلمان امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔الیکشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 303 پر کامیابی حاصل کی تھی اور یہ اس کی گزشتہ انتخابات سے بھی بڑی کامیابی تھی۔

بھارت میں حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور بی جے پی نے انفرادی طور پر مطلوبہ تعداد سے زیادہ حاصل کیں، یوں وہ تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔1984 کے بعد پہلا موقع تھا کہ بی جے پی نے ایوان زیریں کے انتخابات میں اکثریت حاصل کی ہے۔گزشتہ دنوں آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کے رکن نرنجن ساہو نے بتایا تھا کہ ’ پلوٹوکریسی ( دولت کی طاقت ) کا رجحان ہے‘۔

نئی دہلی میں قائم سینٹر فار میڈیا اسٹڈیز کے ایک اندازے کے مطابق 2014 کے انتخابات میں 5 ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے جس کی وجہ سے مودی کی بی جے پی اقتدار میں آئی تھی جبکہ 2009 کے انتخابات میں 2 ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …