ہفتہ , 20 اپریل 2024

کشتی حادثہ ایک بڑا سانحہ ہے، مکمل تحقیقات کرینگے: وزیراعظم ہنگری

بوداپست(مانیٹرنگ ڈیسک)ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان نے دریائے ڈینیوب میں کشتی حادثے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے، دارالحکومت کے وسط میں واقع دریا میں رواں ہفتے کشتی کے ایک حادثے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان نے کہا کہ وہ دریائے ڈینیوب میں رونما ہونے والے کشتی حادثے پر افسردہ ہیں۔ ہلاک شدگان افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ ایک ایسے مقام پر ہوا جہاں کسی مسافر کے زندہ بچنے کے امکانات انتہائی کم تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک دھچکا ہے۔ اس حادثے کی جامع تحقیقات کی جائیں گی، میں نے حکام کو کہا ہے کہ اس معاملے کی سخت اور مکمل چھان بین کریں۔۔یاد رہے کہ ہنگری میں سیاحوں کی کشتی ڈوبنے سے 7 افراد ہلاک جبکہ 21 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ متاثرہ افراد کا تعلق جنوبی کوریا سے تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بوڈاپیسٹ کے وسط میں واقع ملکی پارلیمان کے قریب صبح سیاحوں سے بھری ’مرمیڈ‘ نامی کشتی بڑے کروز شپ سے ‌ٹکرا گئی تھی۔ حادثے کے وقت کشتی میں چھ سالہ بچی سمیت 33 جنوبی کوریائی سیاح سوار تھے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے 7 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی، ہنگری کی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 21 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ ہنگری کی نیشنل ایمبولینس سروس کے مطابق سات افراد کو بچایا جا چکا ہے۔ لاپتہ ہونے والے افراد کا بچنا کسی معجزے سے کم نہیں ہو گا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ دریائے ڈنیوب کے جنوب میں پیش آیا جہاں بڑا کروز شپ ’مرمیڈ‘ کشتی سے ٹکرا گیا جس کے بعد کشتی فوراﹰ ڈوب گئی۔ واقعہ کے وقت دریا کے پانی کا درجہ حرارت 10 سے 15 ڈگری سیلسیس تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کی نعشوں کو جائے وقوعہ سے متعدد کلومیٹر کے فاصلے پر بازیاب کرایا گیا۔ رواں ماہ کے آغاز سے ہنگری میں شدید بارشیں جاری ہیں جس سے دریا میں پانی کے بہاؤ بڑھ رہا ہے اور امدادی رضا کاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری طرف جنوبی کوریا کے صدر صدر مون جے اِن نے ملکی حکام کو ریسکیو آپریشن میں ہنگری کی مدد کیلئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کرنے کی ہدایات کی تھیں، سیول سے تقریباﹰ اٹھارہ اہلکاروں کو ریسکیو آپریشن میں ہنگری حکام کی مدد کیلئے بھی بھیجا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …