بدھ , 24 اپریل 2024

دہلی میں خواتین کو مفت سفری سہولیات فراہم کرنے کا اعلان

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں حال ہی میں ہونے والے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے 17 ویں انتخابات میں جہاں کانگریس جیسی جماعتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، وہیں عام آدمی پارٹی جیسی جماعتیں بھی توقع سے کم نشستیں لینے میں کامیاب ہوئیں۔عام آدمی پارٹی اس وقت بھارت کی وفاقی حکومت کے زیر انتظام علاقے اور دارالحکومت نئی دہلی میں حکومت کے مزے لوٹنے میں مصروف ہے، جہاں ریاستی انتخابات آئندہ برس ہوں گے۔

حالیہ لوک سبھا انتخابات میں اپنا ووٹ بینک کم ہونے پر عام آدمی پارٹی نے ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ابھی سے ہی اسکیمیں متعارف کرانا شروع کردیں۔عام آدمی پارٹی اور نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے دہلی بھر میں خواتین کو مفت سفری سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

جی ہاں، اب نئی دہلی کی خواتین ٹرین اور حکومت کے زیر انتظام چلنے والی بسز میں مفت سفر کر سکیں گی۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق اروند کجریوال نے اعلان کیا کہ آئندہ 2 سے 3 ماہ کے اندر خواتین کے مفت سفر کرنے کا انتطامات مکمل کرلیے جائیں گے۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکام کو خواتین کو بسز اور ٹرینز میں مفت سفری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے مکمل منصوبہ ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

اروند کجریوال کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نئی دہلی میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور خود مختاری ملے، اس لیے انہیں مفت سفری سہولیات فراہم کرنے سمیت انہیں تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔

ساتھ ہی اروند کجریوال نے وضاحت کی کہ خواتین مفت سفر کرنے یا پھر ٹکٹ خرید کر سفر کرنے کے حوالے سے خودمختار ہوں گی، اگر کوئی خاتون حکومت پر بوجھ نہیں بننا چاہتی تو وہ ٹکٹ خرید کر سفر کر سکتی ہیں۔ایک اندازے کے مطابق نئی دہلی میں یومیہ 40 لاکھ افراد سرکاری ٹرینز اور بسز کے ذریعے آمد و رفت کرتے ہیں اور ان میں 33 فیصد خواتین شامل ہوتی ہیں۔

اگر نئی دہلی حکومت خواتین کو مفت سفری سہولیات فراہم کرے گی تو حکومت پر سالانہ 1200 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔اگر نئی دہلی حکومت خواتین کو مفت سفری سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ متعارف کراتی ہے تو وہ بھارت کا پہلا علاقہ ہے جو خواتین کو مفت سفری سہولیات فراہم کرے گا۔

یہ بھی دیکھیں

بائیڈن کے حماس سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے چار اہم نتائج

ایک علاقائی اخبار نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کو مختلف جہتوں سے حماس کے خلاف امریکہ …