بدھ , 24 اپریل 2024

احتجاجی دھرنے پر سوڈانی فوج کا حملہ

خرطوم(مانیٹرنگ ڈیسک)سوڈانی سیکورٹی اہلکاروں نے دارالحکومت خرطوم میں احتجاجی دھرنے میں شریک لوگوں پر حملہ کردیا ہے۔سوڈان کے سیکورٹی اہلکاروں نے پیر کی صبح دارالحکومت خرطوم میں فوجی ہیڈکوارٹر کے سامنے احتجاجی دھرنے پر بیٹھے لوگوں کو منتشر کرنے کی غرض سے ان پر فائرنگ کر دی۔سوڈان کی ٹریڈ یونینوں کے فورم کے رکن محمد الاسباط نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ مظاہرین پر، کی جانے والی فائرنگ میں مارے جانے والے افراد کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے جبکہ ایک سو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سوڈان کی طبی مرکزی کمیٹی نے بھی اعلان کیا ہے کہ اسپتالوں میں سیکورٹی کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پیر کے دن سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ میں مارے جانے والے افراد کی صحیح تعداد کا اعلان نہیں کیا جا سکتا اس لئے کہ فوجی کونسل کے سیکورٹی اہلکاروں نے اسپتالوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔

سوڈانی ڈاکٹروں کی کمیٹی نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی اور آزاد ڈاکٹروں کی تنظیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دارالحکومت خرطوم میں دھرنے والے مقام سے زخمیوں کو منتقل کرانے میں عملی اقدامات میں تعاون کرے۔سوڈان کی ٹریڈ یونینوں کے فورم نے عوام سے سول نافرمانی کی اپیل کرتے ہو‏ئے اعلان کیا ہے کہ خرطوم کے دھرنے میں شریک ہزاروں افراد کو فوجی کونسل کے خونریز حملوں کا سامنا ہے ۔الصادق المہدی کی زیر صدارت سوڈان کی حزب امت نے بھی عوامی مظاہروں کی کال دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ فوجی کونسل نے اپنے اقدامات سے ثابت کر دیا کہ وہ انقلاب سوڈان کے مقاصد کی حامی نہیں ہے۔دریں اثنا سوڈان کی فوجی کونسل نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ اڑتالیس گھنٹے کے اندر اقتدار کی منتقلی کے بارے میں گفتگو شروع ہو جائے گی۔

اصلاحات و آزادی الائنس کے ایک رہنما مدنی عباس مدنی نے مخالفین اور فوجی کونسل کے درمیان مذاکرات کے آغاز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سوڈانی قوم کے خلاف اس قسم کے جرائم کے ارتکاب کے بعد سوڈان کی حکمراں فوجی کونسل کے ساتھ مذاکرات کا کوئی امکان نہیں پایا جاتا۔انھوں نے کہا کہ سب اس بات کو جانتے ہیں کہ اس گروہ نے اقتدار پر قبضہ کیا ہے تاکہ خود حکمرانی کرے۔سوڈان کی فوجی کونسل کے سیکورٹی اہلکاروں نے دارالحکومت خرطوم میں فوجی ہیڈکوارٹر کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیئے ہیں۔جبکہ احتجاج کرنے والے سوڈان کے ہزاروں لوگوں نے پتھراؤ اور ٹائروں میں آگ لگا کر خرطوم کی سڑکوں کو بند کر دیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …