جمعہ , 19 اپریل 2024

ایرانی عوام کسی بھی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، صدر حسن روحانی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کا دیگر ملکوں کے تعلقات اور علاقے کی سیکورٹی پر منفی اثرات مرتب ہونے کے علاوہ اور کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران دباؤ کی وجہ سے کسی بھی قیمت پر بندگلی میں نہیں پہنچے گا۔تہران کے دورے پر آئے جرمن وزیر خارجہ نے پیر اور منگل کی درمیانی رات صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی- اس ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام پر پابندیاں عائد کرنے اور دباؤ ڈالنے سے علاقے میں امن و استحکام برقرار نہیں ہوگا-

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیاں عائد کر کے امریکا اقتصادی دہشت گردی کے راستے پر چل رہا ہے اس لئے ایران ایسے لوگوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا جو عام شہریوں کی خوراک اور دوائیں بند کرنے کا اقدام کر رہے ہیں-

انہوں نے یورپی ٹرائیکا جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے ان وعدوں کی یاد دہانی کرائی جن کے تحت ان ملکوں نے کہا تھا کہ وہ ایٹمی معاہدے سے امریکا کے نکلنے کے بعد بھی ایران کو معاہدے میں دیئے گئے اقتصادی فوائد کا جبران کرتے رہیں گے اور یورپ مقررہ مدت میں یہ اقدامات انجام دینا شروع کردے گا-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اگر یورپی ممالک سمجھتے ہیں کہ ایٹمی معاہدہ ایران اور یورپی یونین کے تعلقات اور علاقائی امن و استحکام کے حق میں ہے تو انہیں چاہئے کہ وہ اس کو باقی رکھنے کے لئے فوری طور پر اقدامات انجام دیں اور اس سلسلے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس طرح کے دعوؤں کو ایک بار پھر سختی کے ساتھ مسترد کر دیا کہ تہران ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کی پندرہ رپورٹیں اور اس سے بھی بڑھ کر رہبر انقلاب اسلامی کا یہ فتوی کہ ایٹمی ہتھیار بنانا یا رکھنا حرام ہے اس بات کی دلیل ہے کہ اس طرح کے دعوے بالکل بے بنیاد ہیں-

جرمنی کے وزیرخارجہ ہایکوماس نے بھی اس ملاقات میں ایٹمی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کو ایک غلط اقدام قرار دیا اور کہا کہ ایران کے سلسلے میں امریکی پالیسیوں پر جرمنی اور امریکا کے درمیان کافی اختلاف ہے اور جرمنی کوشش کر رہا ہے کہ وہ دیگر یورپی ملکوں خاص طور پر فرانس اور برطانیہ کے ساتھ مل کر ایٹمی معاہدے کو باقی رکھے اور اپنے وعدوں پر عمل کرے -جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر کسی کو ایران کی تاریخ کا علم ہوگا تو وہ اچھی طرح جانتا ہوگا کہ ایرانی عوام کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی اسٹریٹیجی کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکے گی۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …