بدھ , 17 جولائی 2019

حمزہ شہباز جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور کی احتساب عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز کو 26 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم سخت سیکیورٹی میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کو لے کر لاہور کی احتساب عدالت پہنچی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر نیب کے وکیل وارث جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کو ہائی کورٹ سے گرفتار کیا گیا۔جج نے استفسار کیا کہ ملزم کہاں ہے کیا ملزم عدالت میں موجود ہیں جس پر حمزہ شہباز کے وکیل نے بتایا کہ حمزہ شہباز شریف کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا حمزہ شہباز کو ان کی گرفتاری کی وجوہات بتائی گئیں جس پر پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کو گرفتاری کی وجوہات فراہم کی گئی ہیں۔نیب کے تفتیشی افسر حامد جاوید نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کے بینک اکاؤنٹس سے مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئیں، 2003 میں حمزہ کے اثاثے سوا 2 کروڑ روپے تھے جبکہ 2005 سے 2007 تک انہوں نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے۔

انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ2009 میں حمزہ شہباز شریف کے اثاثے بڑھ کر 21 کروڑ ہوگئے، تاہم جب بھی حمزہ شہباز سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ اس سوال کا جواب عدالت میں دیں گے۔نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو حمزہ شہباز کی نیب دفتر میں حاضری سے متعلق آگاہ کیا کہ لیگی نائب صدر 9 کال اپ نوٹسز کے نتیجے میں صرف 5 مرتبہ پیش ہوئے۔

حامد جاوید نے عدالت استدعا کی کہ انہیں حمزہ شہباز کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ چاہیے جس کے دوران ملزم اکاؤنٹ میں آنے والے 18 کروڑ روپے سے متعلق تفتیش کرنی ہے۔حمزہ شہباز کی جانب سے ان کے وکیل امجد پرویز اور سلمان اسلم بٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

سول سیکریٹریٹ کے باہر کینٹینرز لگا دیے گے اور لیگی کارکنان کو سول سیکریٹریٹ تک محدود رکھا گیا ہے جبکہ احتساب عدالت کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا۔جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ کسی بھی لیگی کارکن کو جوڈیشل کمپلیکس کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس دوران مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی رخسانہ کوثر اور لیڈی پولیس کے درمیان تکرار ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔پولیس نے موقف اختیار کیا کہ پہلے لیگی ایم پی اے نے پولیس لیڈی اہلکاروں پر ہاتھ اٹھایا جبکہ لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ کسی نے تھپڑ نہیں مارا پولیس الزام لگا رہی ہے۔

حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے اپنے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ نیب نے ان کے موکل سے جو بھی سوالات کیے ان کے جوابات دے دیے گئے ہیں۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حمزہ شہباز شریف کال آپ نوٹس کے تحریری جواب بھی نیب کو دے چکے ہیں، جبکہ انہوں نے اپنے تمام اثاثے بھی ظاہر کیے ہیں۔

امجد پرویز نے یہ بھی بتایا کہ نیب قوانین کے مطابق ملزم کو گرفتاری کی وجوہات اور ثبوت فراہم کیے بغیر اسے گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔حمزہ شہباز کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے اپوزیشن لیڈر ہیں، ان کی گرفتاری میں بنیاد حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

امجد پرویز نے منی لانڈرنگ کے الزام کو لطیفہ قرار دے دیا اور اپنے دلائل کے دوران کہا کہ لوگوں کو نیب کا یہ لطیفہ سچ لگنے لگا ہے۔حمزہ شہباز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل ایک بڑے کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ سیاست میں آنے سے قبل بزنس کرتے آرہے ہیں۔

نیب کے دائر اختیار پر اعتراض اٹھاتے ہوئے امجد پرویز نے عدالت میں کہا کہ نیب تو انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارووائی کر ہی نہیں سکتا جبکہ جس قانون کے تحت حمزہ شہباز کا ریمانڈ مانگا جا رہا ہے وہ ان پر لاگو نہیں ہوتا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کا جسمانی ریمانڈ نہیں بلکہ جوڈیشل ریمانڈ ہونا چاہیے کیونکہ تمام ریکارڈ پہلے ہی نیب کے پاس ہے لہٰذا جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔

نیب کے وکیل نے عدالت میں ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عدالت مذکورہ کیس میں شریک ملزمان کا جسمانی ریمانڈ پہلے ہی منظور کر چکی ہے۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیب کی درخواست پر پہلے فیصلہ محفوظ کیا اور اس کے کچھ دیر بعد اسے سناتے ہوئے 26 جون تک حمزہ شہباز کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کےحوالے کردیا۔

واضح رہے کہ سماعت کے دوران نیب نے رمضان شوگر ملز میں بھی حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری ڈال دی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو نیب نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات میں گرفتار کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ حمزہ شہباز کی ضمانت 11 جون کو ختم ہوگئی تھی، جس میں توسیع کے لیے انہوں نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا، تاہم عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ضمانت میں توسیع کا معاملہ احتساب عدالت دیکھے گی جس پر لیگی رہنما نے اپنی درخواست واپس لے لی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں

زلزلہ متاثرین کیلئے 8 کروڑ کا چیک شہباز شریف کے داماد کو دیا گیا: فردوس عاشق

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ زلزلہ …