جمعرات , 18 اپریل 2024

امریکا نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے کہ وہ غلط راستہ ہے ، صدر روحانی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں اپنا زور کھوچکی ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام کے خلاف امریکی اقدامات اقتصادی دہشت گردی کی کھلی مثال ہے کیونکہ امریکا نے گذشتہ ایک سال کے دوران براہ راست ایرانی عوام پر غیرمعمولی اور انتہائی شدید ترین پابندیاں عائد کی ہیں۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ان تمام پابندیوں اور دباؤ کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران کے عام حالات بہت ہی اچھے ہیں اور امریکی پابندیاں اپنا زور کھوچکی ہیں۔

صدر روحانی نے تہران میں جرمن وزیرخارجہ کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا کہ امریکا نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے کہ وہ غلط راستہ ہے اور جو بھی ایران کی تاریخ سے واقف ہے وہ جانتا ہے کہ ایرانی عوام پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ صدر ایران نے کہا کہ آج دوسرے لوگ بھی ایرانی عوام کی عظمت و طاقت کا اعتراف کررہے ہیں اور جانتے ہیں کہ جس راستے کا انتخاب ان کے اتحادی ملک امریکا نے کیا ہے وہ غلط ہے اور یہ چیز بہت ہی اہم ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اپنے اتحاد و یگانگت کے ذریعے دشمنوں اور بدخواہوں کو اس بات پر مجبور کردے گا کہ وہ اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں اور دوطرفہ احترام کی بنیاد پر مذاکرات اور منطق کی میز پر آئیں۔

انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران کی اقتصادی صورتحال اچھی سمت کی جانب بڑھ رہی ہے کہا کہ ایرانی عوام کی استقامت و پامردی سے دشمنوں کی سازشیں ناکام ہوگئی ہیں۔ اس درمیان بین الاقوامی امور میں ایران کے نائب وزیرخارجہ غلام حسین دہقانی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے میں باقی رہنے والے ملکوں کی ذمہ داری ہے وہ اس کی حفاظت کے لئے عملی قدم اٹھائیں۔ انہوں نے ویانا میں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کہا کہ صرف ایران کے ذریعے ہی معاہدے کی پابندی کرنے سے یہ معاہدہ باقی نہیں رہ سکے گا۔ ایران کے نائب وزیرخارجہ دہقانی نے کہا کہ امریکا کی خودسرانہ پابندیوں نے ایٹمی معاہدے کے ایک بڑے حصے کو ناکارہ اور بنیادی طور پر اس کے توازن کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔

سیاسی امور میں ایران کے نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے بھی تہران میں سنگاپور کے وزیرخارجہ کے خصوصی ایلچی زین العابدین رشید سے ملاقات میں کہا کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں نے پورے علاقے کی سیکورٹی کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔ ایرانی نائب وزیرخارجہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ علاقے کی سیکورٹی کا تعلق سب سے ہے اور کوئی بھی اس سے الگ نہیں رہ سکتا کہا کہ اقتصادی جنگ بندی کے بغیر علاقے میں امن و استحکام کی تقویت کی امید نہیں کی جاسکتی۔ سنگاپور کے وزیرخارجہ کے خصوصی ایلچی نے بھی اس ملاقات میں سبھی ملکوں پر پابندیوں کے دباؤ کا ذکرکرتے ہوئے ایٹمی معاہدے کے لئے اپنے ملک کی حمایت کا اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ علاقے میں کشیدگی کم ہوجائے گی۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …