ہفتہ , 20 اپریل 2024

جاپان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتےہیں، صدر حسن روحانی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران ٹوکیو تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران باہمی مفادات کے دائرے میں رہتے ہوئے جاپان کے ساتھ تمام شعبوں خاص طور سے اقتصادی میدان میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔تہران میں جاپان کے وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، جاپان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفادات کے دائرے میں رہتے ہوئے جاپان کے ساتھ تمام شعبوں خاص طور سے اقتصادی میدان میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔

صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور جاپان کے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال دونوں ملکوں کے تعلقات کی نوے ویں سالگرہ ہے اور ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم آبے شنیزو کا دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔صدر ایران نے کہا کہ ایران اور جاپان کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں باہمی تعلقات اور خاص طور سے سواحل مکران اور چابہار میں جاپان کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جاپان کی جانب سے ایرانی تیل کی خریداری نیز تعلیمی اور ثقافتی شعبوں کے درمیان تعاون میں جاپان کی دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ جاپانی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں باہمی مسائل سمیت خطے میں قیام امن اور کشیدگی کو ختم کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر حسن روحانی نے ایک بار پھر تہران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ ایران کسی بھی ملک کے خلاف جنگ شروع کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا تاہم جارحیت کرنے والے کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایران کے عوام حکومت امریکہ کے اقدامات اور ظالمانہ اقتصادی پابندیوں سے سخت نالاں ہیں اور امریکیوں کو یہ بات اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ کسی حکومت اور فوج کے خلاف تو جنگ جیتی جا سکتی لیکن کسی قوم کے خلاف جنگ کوئی نہیں جیت سکتا۔ایران کے صدر نے کہا کہ خطے کے مسائل کے حوالے سے جاپانی وزیراعظم کا نقطہ نظر انتہائی مثبت اور تعمیری ہے اور ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ دونوں ممالک، خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم کئے جانے کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اگر سب کو خطے کی سلامتی اور کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام میں دلچسپی ہے تو پھر ایران کے خلاف عائد اقتصادی پابندیاں ختم ہونا چاہئیں کیونکہ اسی صورت میں خطے میں نئے تعلقات کی داغ بیل پڑ سکتی ہے۔مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے وزیراعظم آبے شنزو نے اپنے دورہ ایران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے جو بھی ممکن ہوا انجام دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خطے میں بڑھتی ہوئے کشیدگی کو کسی بھی قیمت سے ختم کرنا ہے اور جاپان اس حوالے سے تعمیری کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔جاپان کے وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام امن و صلح کا مذہب ہے میں ہمیشہ اسلام کی روحانی اور معنوی تعلیمات سے متاثر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں ایران کے رہبر، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا بہت احترام کرتا ہوں جنہوں نے اسلامی نقطہ نگاہ سے ایٹمی ہتیھاروں کے حرام ہونے کا فتوی دیا۔واضح رہے کہ جاپان کے وزیراعظم آبے شینزو بدھ کی سہ پہر ایران کے تین روزہ دورے پر تہران پہنچے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

ترک صدر اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیدیا

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوغان نے نیتن یاہو کو غزہ کا قصائی قرار دیا ہے۔ترکی …