جمعرات , 12 دسمبر 2019

بجٹ میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے: مشیر خزانہ حفیظ شیخ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہےکہ یہ بجٹ کئی لوگوں سے مشاورت کے بعد مرتب کیا گیا ہے اور اس میں مزید بہتری کی جاسکتی ہے۔کراچی میں معیشت اور بجٹ پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان میں تیسرا جمہوری دور چل رہا ہے، پاکستان میں معاشی ترقی کا دور چار سال سے زائد نہیں رہا، ہم نے 70 سال میں دنیا سے کاروباری مراسم استوار نہیں رکھے، ہمیں اندرونی اور بیرونی سطح پر مسائل ہیں، ہمیں دوست ملکوں سے رقم لے کربیرونی ادائیگیاں کرنا پڑیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف جانے کا مقصد 6 ارب کم شرح سود پر قرض لینا تھا، آئی ایم ایف جا کر ہم دنیا کو پیغام دے رہے ہیں کہ ہم اپنے وسائل میں رہنا چاہتے ہیں۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں مزید بہتری کی جاسکتی ہے، یہ بجٹ کئی لوگوں سے مشاورت کے بعد مرتب کیا گیا ہے، بجٹ میں درآمدات کم کرکے برآمدات بڑھانے پر توجہ دی گئی ہے اور برآمدات بڑھانے کے لیے سبسڈی دی گئی ہے، خسارہ کم کرنے کے لیے 5500 ارب کا ہدف طے کیا ہے۔

حفیظ شیخ نے مزید کہا کہ سب کوٹیکس دینا ہے، اگر اس سے کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہو، ہم نے بجٹ میں نان فائلر کا تصور ختم کردیا ہے، ہمیں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہے، ٹیکس دینے والوں پر ٹیکسوں کا بوجھ نہیں بڑھا سکتے، کس نے قرض لیا وہ ماضی کی بات ہے، واجبات ادا کرکے ریاست کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پورا کرنی ہیں، حکومت میں رہتے ہوئے برداشت کی عادت ڈالنی چاہیے، حکومت کی کوشش ہونی چاہیے کہ مشکل وقت کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے۔اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہناتھا کہ میرے لیے اعزاز ہےکہ مجھے ملک کی خدمت کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مانیٹری پالیسی کا مقصد مہنگائی کو کم کرنا ہے، مہنگائی اسٹیٹ بینک کے نوٹ چھاپنے سے ہوتی ہے جب کہ شرح سود مہنگائی کے سدباب کرنے کا آلہ ہے جسے اسٹیٹ بینک استعمال کرتا ہے۔گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ نے بتایا ہے کہ یکم جولائی سے حکومت اسٹیٹ بینک سے قرض نہیں لے گی۔

سندھ اور پنجاب کے نئے مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اور پنجاب کے نئے مالی سال 20-2019 کا بجٹ آج اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے نئے مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 2 ہزار 550 ارب روپے رکھا گیا ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 350 ارب اور غیر ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں وفاقی ملازمین کی طرح اضافہ تجویز کیا گیا ہے، گریڈ ایک سے 16 تک کی تنخواہ میں 10 فیصد، گریڈ 17 سے 20 تک 5 فیصد اور گریڈ 20 اور 21 کے آفیسرز کی تنخواہ میں کوئی اضافہ نہ کرنے کی تجویز ہے۔

پنجاب کے نئے بجٹ میں میگا پراجیکٹس، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کرنے کی تجویز شامل ہے جب کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے نئے بجٹ کو ٹیکس فری اور 200 ارب کا سرپلس قرار دیا ہے۔ذرائع کے مطابق نئے بجٹ میں پہلے سے موجود ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ اور محکموں کو غیر ترقیاتی جاری اخراجات کم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صوبائی محکمے گاڑیوں، فرنیچر اور ائیرکنڈیشن سمیت دیگر اخراجات کے لیے پیشگی اجازت لینے کے پابند ہوں گے۔

سندھ کا بجٹ
ذرائع کے مطابق سندھ کا بجٹ 12 کھرب 30 ارب روپے سے زائد ہے، بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبے کا بجٹ 16 ارب روپے بچت کا بجٹ ہوگا جس میں 12 کھرب 14 ارب روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق 835 ارب روپے وفاق سے سندھ کو ملیں گے، 355 ارب روپے سے زائد صوبائی وصولیوں کا ہدف مقرر کیا گیا، 283 ارب روپے ترقیاتی بجٹ کے لئے مختص کئے جائیں گے۔کراچی میں 29 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے اور شہر کے لیے 40 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص ہوں گے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق کے فور منصوبے کے لیے 25 ارب 55 کروڑ روپے رکھے جائیں گے، ایس تھری منصوبے کے لیے 2 ارب روپے، ایڈز کنٹرول پروگرم ، ہیپا ٹائٹس، ٹی بی اور ملیریا کنٹرول کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 26 ارب 86 کروڑ روپے، محکمہ زراعت کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 8 ارب 40 کروڑ، محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کے لیے دو ارب روپے اور محکمہ صحت کے اسپیشل پروجیکٹس کےلیے 13 ارب پچاس کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق گرین پاکستان منصوبے کے لیے ایک ارب روپے، سندھ سے غربت کے خاتمے کے حوالے سے 12 ارب 30 کروڑ، ٹی پی تھری منصوبے کے لیے 5 ارب روپے، واٹر سپلائی، ڈرینج اور کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے 22 ارب 95 کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی آج ہونیوالی پریس کانفرنس ملتوی

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی آج ہونیوالی …