ہفتہ , 20 اپریل 2024

بھارت اگلے ماہ اپنا خلائی مشن چاند پربھیجے گا

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے خلائی تحقیقاتی ادارے ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائیزیشن(اسرو) نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ چاند پر اپنا دوسرا خلائی مشن بھیجے گا۔یہ دوسرا موقع ہوگا کہ بھارت اپنا خلائی مشن چاند پر بھیجے گا اور اگر اس بار انڈیا کا خلائی مشن کامیابی سے چاند پر اتر گیا تو چاند پر پہنچنے والا بھارت دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔

اس مشن سے قبل بھارت نے 2008 میں بھی چاند پر خلائی مشن بھیجا تھا، تاہم وہ مشن کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔اب بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے اور سائنسدانوں کو یقین ہے کہ اس بار بھارت اپنے مشن میں کامیاب جائے گا۔انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرا اپنا دوسرا خلائی مشن آئندہ ماہ 15 جولائی کی شب کو چاند پر بھیجے گا۔بھارت نے چاند پر بھیجے جانے والے دوسرے مشن کو ’چاند رایان 2‘ کا نام دیا ہے۔

اگر بھارت کا خلائی مشن کامیابی سے چاند پر اتر گیا تو امریکا، سابق سوویت یونین (روس) اور چین کے بعد بھارت دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا جس کا مشن چاند پر اترے گا۔منصوبے کے تحت بھارت کا چاند مشن 15 جولائی کی شب روانہ کیا جائے گا جو ایک ماہ سے کم عرصے میں 6 ستمبر تک چاند پر اترے گا۔’چاند رایان 2‘ چاند پر 13 سائنسی خلائی سیٹلائٹس اور مشینوں کے ساتھ چاند پر جائے گا۔

’چاند رایان 2‘ میں کھدائی مشین، لینڈنگ مشین اور موبائل مشین سمیت اعلیٰ درجے کی کوالٹی کا کیمرا بھی چاند پر بھیجا جائے گا جو چاند کے قطب جنوب میں اترے گا۔بھارت نے چاند پر اپنا دوسرا خلائی مشن بھیجنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ کچھ دن قبل ہی بھارت نے عندیہ دیا تھا کہ وہ اپنا خلائی اسٹیشن بھی قائم کرے گا۔

بھارت کی جانب سے چاند پر خلائی مشن بھیجے جانے اور خلائی اسٹیشن قائم کرنے کے اعلانات سے قبل انڈیا نے رواں برس مئی میں میزائل ٹیسٹ کے دوران نچلی مدار کے سیٹلائٹ کو تباہ کرکے چوتھی خلائی طاقت بننے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔علاوہ ازیں بھارت نے 2020 تک اپنا پہلا انسان بردار مشن کو خلا میں بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے تحت انڈیا ابتدائی طور پر تین انسانوں کو خلا میں بھیجے گا۔

یہ بھی دیکھیں

لکڑی سے بنا دنیا کا پہلا سیٹلائیٹ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا

کیوٹو: امریکی خلائی ادارہ ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے ای ایکس اے) …