پیر , 9 دسمبر 2019

نیب کا ادارہ صرف اور صرف سیاسی انتقام کرتا ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے ملک پر مسلط ہیں۔رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کی گرفتاری کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی انتقام کا ایک اور باب سمجھ آیا ہے، فریال تالپور کو اسلام آباد میں گرفتار کیا گیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ نیب کا ادارہ صرف اور صرف سیاسی انتقام کرتا ہے، یہ ادارہ صرف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے، کسی فرشتےکو بھی چیئرمین بنا دیں، اس نے یہی کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین نے کہا تھا اگر حکمرانوں کے خلاف کارروائی ہوئی تو حکومت گر جائے گی، اس کے بعد چیئرمین کے خلاف جو ہوا اس پر ابھی تک خاموشی ہے، یہ سب وزیر داخلہ کروا رہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج جنرل مشرف کی طرح عمران خان نے بھی عدلیہ پر حملہ کیا ہے، عمران خان دو نہیں ایک پاکستان کی بات کرتے تھے لیکن اب دو پاکستان ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو سیاسی مقاصد کے لیے گرفتار کیا گیا، گرفتاریوں کا مقصد معاشی قتل سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوال کیا عوام بتائیں مشرف کے پاکستان اور عمران خان کے پاکستان میں کیا فرق ہے؟ انہوں نے اس سوال کا خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ مشرف کے پاکستان اور عمران کے پاکستان میں وردی کا فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ چادر اور چار دیواری کی پاسداری نہیں کرتے وہ بزدل ہوتے ہیں لیکن چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے اس ملک پر مسلط ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر بلاول بھٹو نے کہا وہ کہتا ہے میں نے کیا بگاڑا، آپ نے میرے والد کو جیل میں ڈالا، کچھ نہیں بگاڑا، میری پھوپھی کو گرفتار کیا، کچھ بھی نہیں بگاڑا لیکن آپ نے عوام کا جینا دو بھر کیا، اس پر اعتراض ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم لڑیں گے، مقابلہ کریں گے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، یاد رکھیں آپ کے گھر میں بھی بہنیں اور بیٹیاں ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی اپنی عوام رابطہ مہم کا اعلان کرے گی اور آل پارٹیز کانفرنس بھی جلد ہو گی۔

یہ بھی دیکھیں

مکہ مکرمہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حج معاہدہ 2020ء طے پا گیا

مکہ مکرمہ: مکہ مکرمہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حج معاہدہ 2020ء طے …