جمعرات , 25 اپریل 2024

سری لنکا: دہشت گرد حملوں کا مرکزی ملزم گرفتار

پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر دہشت گرد حملوں میں ملوث مرکزی ملزم پکڑا گیا۔تفصیلات کے مطابق پیرس میں بین الاقوامی پولیس ایجنسی انٹرپول نے انکشاف کیا ہے کہ سری لنکا میں دشت گرد حملوں کے مرکزی ملزم کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں اس سال ایسٹر سنڈے کے روز کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کا مرکزی مبینہ ملزم پکڑا گیا ہے، یہ حملے یکے بعد دیگرے کئی مقامات پر کیے گئے تھے جس کے باعث سینکڑوں لوگ مارے گئے تھے۔گرفتار ہونے والے مرکزی ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی البتہ عمر 29 سال ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب نے بھی دہشت گرد حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری میں سری لنکا کو مدد فراہم کی تھی۔

سعودی حکومت نے انہی حملوں کے سلسلے میں پانچ ایسے مشتبہ افراد کو ملک بدر کر کے کولمبو حکومت کے حوالے کر دیا تھا، جنہیں چند روز پہلے متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ سری لنکا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد حالات آہستہ آہستہ معمول پر آچکے ہیں، جبکہ ملک بھر میں گرجا گھروں کو بھی کھول دیا گیا ہے، البتہ سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

یاد رہے کہ سری لنکن آرمی چیف کا برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ملزمان بھارت کا دورہ کرچکے تھے، وہ بھارت کے زیرتسلط کشمیر، بنگلور اور ریاست کیرالا بھی گئے تھے۔سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہلاکت خیز دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی کوششوں میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

بائیڈن کے حماس سے اپنی شکست تسلیم کرنے کے چار اہم نتائج

ایک علاقائی اخبار نے الاقصیٰ طوفان آپریشن کو مختلف جہتوں سے حماس کے خلاف امریکہ …