جمعہ , 19 اپریل 2024

پاک سوزوکی کی نئی گاڑی آلٹو 660 سی سی مارکیٹ میں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک سوزوکی موٹرز نے ’مہران کار‘ کی جگہ اپنی نئی گاڑی ’آلٹو 660 سی سی‘ متعارف کروادی۔پاک چین فرینڈشپ سینٹر میں ہونے والی پروقار تقریب میں پاک سوزوکی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ماسومی ہرانو نے سرخ رنگ کی گاڑی متعارف کروائی جس کے مزید 6 رنگ بھی موجود ہیں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ کمپنی کے سینئر منیجرز بھی موجود تھے۔پاک سوزوکی نئی آلٹو 660 سی سی کمپنی کی کامیاب ترین کار ’مہران 800 سی سی‘ کی جگہ متعارف کروائی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاک سوزوکی نے 30 سال قبل 1989 میں مہران کار کو پاکستان میں متعارف کروایا تھا، جبکہ اُس وقت اس کار کا نام بھی ’آلٹو‘ ہی تھا جس بعد میں مہران کا نام دیا گیا۔نئی آلٹو 660 سی سی پہلی مرتبہ مکمل طور پر پاکستان میں تیار کی جانے والی کار ہے جس کے تین ماڈل ہیں جن میں 2 مینول جبکہ ایک آٹومیٹک۔

کمپنی کی جانب سے اپنی نئی گاڑی کی قیمت 9 لاکھ 99 ہزار سے 12 لاکھ 95 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔نئی آلٹو گاڑی جاپانی ٹیکنالوجی کے 660 سی سی کے آر-سیریز انجن کی حامل ہے۔ یہ گاڑی جدید ڈیزائن کے انٹیریئر سے مزین ہے۔مذکورہ گاڑی کو کراچی میں کمپنی کے بن قاسم پلانٹ میں تیار کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اس گاڑی کی مدد سے ایندھن کی بچت کی جاسکتی ہے، گاڑی کی 3 سال یا 60 ہزار کلومیٹر کی وارنٹی بھی دی گئی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک سوزوکی کپنی کے سی ای او ماسومی ہرانو کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سے ایک ہے اور گاڑیوں کی صنعت ملکی معیشت کو تیز کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔

انہوں نے پاکستان میں آٹوموبائل سیکٹر میں حاصل ہونے والی کامیابیوں میں پاک سوزوکی کمپنی کے کردار پر روشنی ڈالی۔خیال رہے کہ اپریل کے مہینے سے ہی کمپنی نے مہران کار کی بکنگ بند کردی تھی، جبکہ پاکستان آٹو شو 2019 میں نئی آلٹو 660 سی سی متعارف کروادی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

لکڑی سے بنا دنیا کا پہلا سیٹلائیٹ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا

کیوٹو: امریکی خلائی ادارہ ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (جے ای ایکس اے) …